بھینسہ میں امبیڈکر کے مجسمے کو نقصان پہنچانے کے بعد کشیدگی

نرمل _ تلنگانہ کے نرمل ضلع کے بھینسہ ٹاون میں اتوار کو اس وقت شدید کشیدگی پیدا ہوگئی جب بھینسہ کے بس اسٹینڈ کے قریب واقع امبیڈکر کے مجسمے کو  نامعلوم شخص نے نقصان پہنچایا ۔ اس سے دلت برادری  کے افراد برہم ہوگئے اور  احتجاج کرتے ہوئے آر ٹی سی بس کے شیشے توڑ دیئے ۔ ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کرنے والوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

پولیس نے کشیدہ صورتحال کے بعد بھینسہ میں سخت سیکورٹی قائم کی ہے۔ اے ایس پی کرن کھرے نے کہا کہ مجسمے کو نقصان پہنچانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پی ڈی ایکٹ لاگو کیا جائے گا اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے بھینسہ کے عوام سے کہا کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ اے ایس پی نے خبردار کیا ہے کہ افواہیں نہ پھیلائی جائیں اور واٹس ایپ گروپس پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔ حالات کے پیش نظر بھینسہ میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ۔فی الحال بھینسہ میں حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں