تلنگانہ

تلنگانہ کے 377عازمین حج کے تیسرے قافلہ کی تاخیر سے روانگی

تلنگانہ کے 377عازمین حج کے تیسرے قافلہ کی تاخیر سے روانگی

     عازمین عبادتوں میں وقت گزاریں جناب محمد سلیم کا خطاب‘ مکہ معظمہ میں درجہ حرارت 40ڈگری

حیدرآباد23 جون (پریس نوٹ) ریاست تلنگانہ کے 377عازمین حج کا تیسرا قافلہ آج سات گھنٹوں کی تاخیر سے جدہ روانہ ہوا۔ صدر نشین حج کمیٹی جناب محمد سلیم‘ ایکزیکٹیو آفیسر جناب بی شفیع اللہ اور ارکان حج کمیٹی نے انہیں وداع کیا۔ سعودی عربین ایر لائنز کی یہ فلائٹ صبح 4:00بجے روانہ ہونے والی تھی لیکن جدہ سے طیارہ کی آمد میں تاخیر کے سبب یہ تاخیر عمل میں آئی۔ حج ہاؤز میں اسسٹنٹ ایکزیکٹیو آفیسر جناب عرفان شریف نے فلائٹ کی روانگی میں تاخیر کی اطلاع دیتے ہوئے عازمین سے خواہش کی کہ وہ حج ہاؤز میں کچھ دیر آرام کرلیں۔

صبح 5:30 قافلہ کو وداع کیا گیا۔ صدر نشین جناب محمد سلیم نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ٹیکنیکل وجوہات کی وجہہ سے فلائٹ میں تاخیر ہوئی ہے جس کے لئے وہ معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایر پورٹ پر عازمین کے لئے ناشتہ کا انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ دشواریوں سے پریشان نہ ہوں‘ بلکہ عبادتوں پر توجہہ دیں‘ فون پر رشتہ داروں اور دوستوں سے بات چیت کرنے کا سلسلہ روک دیں‘ یہ کام حج کے بعد بھی ہوسکتا ہے۔ وہاں کسی چیز کی خریداری پر اپنا وقت اور پیسہ برباد نہ کریں۔ ملک میں ہر چیز آسانی سے دستیاب ہے۔ اتنی دور سے اللہ کے گھر اور رسول اللہ ﷺ کے روضہ مبارک کی زیارت کے لئے جارہے ہیں تو ان مقامات اکا احترام کرنا ضروری ہے۔ صدر نشین حج کمیٹی نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں جدہ میں قونصل جنرل سے ملاقات کی۔ قونصلیٹ کی جانب سے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر ارکان حج کمیٹی جناب سید غلام احمد حسین‘ جناب محمد جعفر خان‘ جناب سید عرفان الحق‘ جناب سید نظام الدین (نارسنگی) موجود تھے۔ رکن حج کمیٹی محترمہ عاصمہ سلطانہ خاتون عازمین کی مدد و رہنمائی میں مصروف ہیں۔ مولانا مفتی محمد انوار احمد قادری نے مناسک حج و عمرہ اور آداب زیار روضہ نبوی ﷺ سے واقف کروایااور دعا کی۔ حافظ محمد عمر فاروق کی قرأت کلام سے کارروائی کا آغاز ہوا۔ قبل ازیں سابق ریاستی وزیر جناب محمد علی شبیر نے حج ہاؤز پہنچ کر عازمین حج سے ملاقات کی اور ان کو اہم امور سے واقف کروایا۔ اس تیسری فلائٹ میں حیدرآباد کے 202‘ نظام آباد کے 119‘ کاما ریڈی کے 40‘ سوریہ پیٹ کے 9‘ رنگا ریڈی کے چار اور نلگنڈہ کے تین عازمین شامل ہیں۔ جناب محمد سلیم نے بتایا کہ ر محکمہ موسمیات کے مطابق مکہ معظمہ میں دوپہر دو بجے کے وقت درجہ حرارت 40ڈگری ہے‘ دھوپ میں ایک ڈگری زیادہ اور سایہ میں ایک ڈگری کم یعنی 39ڈگری محسوس ہوتا ہے۔ رات کے وقت درجہ حرارت 29ڈگری رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ آنے والے دو دنو ں میں درجہ حرارت میں ایک دو ڈگری زیادہ ہونے کا امکان ہے بعض لوگ درجہ حرارت زیادہ ہونے کی باتیں کرتے ہوئے عازمین کو فکر و تشویش سے دوچار کررہے ہیں۔عازمین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

عازمین حج کا چوتھا قافلہ 25جون کی صبح 8:35 بجے شمس آباد ایر پورٹ سے جدہ کے لئے پرواز کرے گا۔ حج ہاؤز سے صبح کی اولین ساعتوں میں صدر نشین جناب محمد سلیم‘ ارکان حج کمیٹی اور دیگر معزز ین عازمین کو وداع کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button