جنرل نیوز

اردو ادب کی نئی نسل میں منتقلی وقت کی اشد ضرورت  _  رسمِ اجرائی تقریب ’ادبی مضامین‘ سے مقررین کا خطاب

اُردو ادب کی نئی نسل میں منتقلی وقت کی اشد ضرورت

رسمِ اجرائی تقریب ’ادبی مضامین‘ سے مقررین کا خطاب

اُردو اور اس کے ادب کو نئی نسل میں منتقل کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اُردو ذریعہ تعلیم سے جب یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے،تو پھر اُردو میڈیم مدارس کو کیوں ختم کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں حکومتِ وقت سے مناسب نمائندگی کے ذریعہ اُردو میڈیم اسکولس کی بقاء کو یقینی بنایا جاسکتا ہے

 

۔ اِن خیالات کا اظہار احمد علی میموریل ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب رسمِ اجرائی ”ادبی مضامین“ سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوے اسکالرڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد ایڈوکیٹ نے کیا۔ مصنف ڈاکٹر محمد آصف علی کی یہ تیسری کتاب ہے جس کی رسمِ اجرائی تقریب ایف پی ایس ایجوکیشنل ہال واقع بی بی بازار مغلپورہ میں زیر صدارت جناب طاہر رومانی صدر فری پریس ایڈیٹرس اینڈ جرنلسٹس فیڈ ریشن منعقد ہوئی۔ ڈاکٹر محمد آصف علی صدر احمد علی میموریل ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی نے مہمان اور شر کاء کا خیرمقدم کیا اورکتاب میں شامل کئے گئے مضامین پر مختصر روشنی ڈالی۔ اسکالرڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ ایک ایسے وقت جب حکومتیں اُردو کو ہر سطح پر ختم کرنا چاہتی ہیں، اُردو والوں کا یہ فرض ہے کہ وہ اپنے نونہالوں کو بچپن ہی سے اُردو سکھائیں اور کم از کم بحیثیت مضمون اس کو اسکول میں اختیار کیا جائے

 

۔انھوں نے اس سلسلے میں مشترکہ کو ششوں پر زور دیا اور عبرانی زبان کی مثال دیتے ہوے کہا کہ جب یہودیوں کو اپنی زبان کے سلسلے میں خدشات تھے تو انھوں نے اپنے ہر بچے کو اس زبان سے بہر ہ مند کیا، جو اُس کی بقاء کی ضمانت بھی بن گئے۔جناب طاہر رومانی صدر فری پریس ایڈیٹرس اینڈ جرنلسٹس فیڈ ریشن نے اپنی صدارتی تقریر میں اُردو کاز کے لئے کام کررہی سوسائیٹیز اور انجمنوں پر زور دیا کہ وہ اُردو میڈیم اسکولس اور اُردو ذریعہ تعلیم کو بچانے کے لئے حکومت سے پُرزور نمائندگی کو یقینی بنائیں۔اُنھوں نے احمد علی میموریل ایجوکیشنل سو سائٹی اور اس کے ذمہ داروں کو مبارکباد دی کہ اُردو کاز کے لئے ہمیشہ ہی سے سو سائٹی پیش پیش رہتی ہے

 

۔تقریب کا آغاز شیخ رفیع الدین کی قرات کلامِ پاک سے ہوا جبکہ کنوینر جناب فضل احمد ایڈیٹر روزنامہ مسکان نے شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب میں شرکت کرنے والی اہم شخصیتوں میں ڈاکٹر مختار احمد فردین کلچرل سکریٹری احمد علی میموریل ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی، صحافی صاحبزادہ سید مبارک اللہ برکت، جناب اکبر علی خان احسن،ڈاکٹر محامد ہلال اعظمی،جناب فیاض احمد خان،جناب سہیل عظیم کے علاوہ ادب دوست خواتین و حضرات شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button