مضامین

بک رہا ہوں جنوں میں

انس مسرورانصاری

بک رہا ہوں جنوں میں۔۔۔۔۔(2)    ( چندمعروضات)

بک رہا ہوں جنوں میں کیا کیا کچھ

کچھ نہ سمجھے خد ا کر ے کو ئی

(غالب)

اگر لوگوں میں کچھ بھی سمجھ ہوتی تو شاید اس طرح کی تحریروں کی ضرورت نھیں پیش آتی۔ ہمارا کام سمجھاناہے،سو ہم سمجھاتےآئےہیں اورسمجھاتےرہیں گے۔لوگ سمجھ سمجھ کر بھی نہ سمجھیں تو ان کی سمجھ کوہم اپنی سمجھ سےخداکےحوالے کرتےہیں۔

عرض یہ ہے کہ موجودہ زمانہ میں اردو شعروادب کا سب سےبڑا المیہ یہ ہے کہ جس شخص کو ذراسی بھی اردو آجاتی ہے وہ شاعری کی لت میں مبتلا ہو جاتا ہے۔کیا دیہات اورکیاشہر،ہرجگہ شاعر مخلوق کاایک جم غفیرموجودہےجواپنی محبوباؤں کی زلف گرہ گیرکا شکار,اوررگ گل سےبلبل کےپرباندھنے میں مصروف ہے۔ایسی حالت میں جب قوم خطرناک اور تباہ کن مسائل میں گھری ہوئی بےدست وپاہے،قوم کادانشورطبقہ شاعری اور تخیلاتی دنیاؤں میں فرارہوگیاہے۔ واقعہ یہ ہے کہ۔۔۔

دنیا پڑی ہوئی ہے ترقی کی راہ میں

شاعرپڑےہوئے ہیں مگر واہ واہ میں

 

 

 

ضروری معلوم ہوتاہے کہ برصغیرمیں اردو شاعروں اورمتاشاعروں کی مردم شماری کرائی جائےتاکہ ان کی صحیح اور اصل تعداد کا کچھ تو پتا چلے۔گمان غالب ہےکہ بھارت میں ان کی آبادی لاکھوں میں ہے۔طرفہ تماشہ یہ کہ مشاعرہ گاہ سے سوشل میڈیا اورکتابی دنیا تک۔ہرشاعرعظیم ہے اور ہر تخلیق شاہ کار۔۔۔۔! واٹس ایپ، فیس بک، ٹیوٹر، انسٹا گرام وغیرہ کوئی بھی ایپ کھولئے،اوردیکھئیےکہ سڑےسےسڑے شعر پر بھی لوگ اس طرح ٹوٹ ٹوٹ کردادوتحسین کےنعرےبلندکرتےہیں کہ غالب واقبال کی روحیں کانپ کانپ جاتی ہوں گی۔ یہاں تک کہ سڑےاوربدبودارشعروں اور غزلوں کو شاہکار کے درجہ تک پہنچا کر دم لیتے ہیں۔ حالانکہ انھیں شاہ کار کے معنی تک نہیں معلوم۔اس طرح شاعروں کو۔۔عظیم الشان۔۔بتاکر انھیں گمراہ کرنے کی مہم بھی عام ہے۔ہرشاعرعظیم اوراس کی شاعری عظیم الشان ہوگئی ہے۔ہرشعرپرواہ۔۔واہ۔۔بہت خوب۔۔بہت عمدہ۔۔لاجواب۔۔۔بے مثال۔۔جیسے تبصرے سن سن کر اور پڑھ پڑھ کر شاعرکےدماغ کا خراب ہوجانا بعیدازقیاس نہیں۔ جب کہ حقیقت حال یہ ہےکہ گزشتہ بیس سالوں میں اردو زبان میں کوئی ایک کتاب بھی ایسی نہیں لکھی گئی جوعالمی ادب کو متاثر کرسکتی اوردوسری زبانوں میں ترجمہ کےلیے ناگزیر ہو جاتی۔

 

 

 

المیہ یہ بھی ہے کہ اردو مشاعرے اب کوی سمیلن کی صورت اختیار کرتے جارہے ہیں۔۔سبحان الله۔۔ ماشاءاللہ۔۔ جزاک اللّہ کے بجائے اب دادو تحسین کے لیےتالیایاں بجائی اوربجوائی جاتی ہیں۔یہ اردو مشاعرہ کی تہذیب نہیں۔ یہ بدعت ہندی کوی سمیلن سے آئی ہے اور بڑے بڑے تعلیم یافتہ ادب سازوں اور ادب نوازوں کو تالیوں جیسےغیراردو تہذیبی عمل پر کوئی اعتراض نہیں۔۔ مشاعرہ کی اپنی ایک روایت اور تہذیب ہےجس کی بنا ہمارے بزرگوں نے ڈالی تھی اورصدیوں سے اس تہذیب کی حفاظت کی جاتی رہی ہے۔ لیکن موجودہ زمانہ کےشاعراورسامعین،دونوں نے مل کراس اردو تہذیب کوموت کےگھاٹ اتاردیا۔ مشاعروں کے اسٹیج پر اردوشاعری کو طوائفوں کی طرح نچایا جاتاہے۔شعراءمضحکہ خیزاداکاریاں اور حرکتیں کرتے ہیں اور سامنے بیٹھے ہوئے تماشائی تالیاں بجاتے ہیں۔

،، اک تماشاہواگلہ نہ ہوا۔۔

 

 

 

اس سچائی سے کون انکارکرسکتاہے۔پھر اس قبیح عمل کو اردو کی ترقی اورفروغ سےجوڑدیاجاتاہے۔کہاجاتا ہےکہ مشاعروں سے اردوزبان کو فروغ حاصل ہورہاہے۔۔کوئی بتائے کہ مشاعروں کو سن کر کتنےلوگوں نےاردو زبان کولکھناپڑھناسیکھا۔؟تماشا یہ بھی ہےکہ آج مشاعرےمحض ذہنی عیاشی کاایک ذریعہ بن گئے ہیں۔اردوکےنام پر محض تجارت۔صرف کاروبار۔! مشاعروں اور جلسوں کےشعراء اورنعت خوانوں کی کثیر تعداد ان لوگوں کی ہےجو اردولکھناپڑھنانہیں جانتے اورکلام ہندی میں لکھ کرلاتےہیں۔اردو کو اپنی رسوائی کا یہ تماشا بھی دیکھناتھا۔اردو زندہ بادکےنعرے لگانےوالوں میں اکثریت ان لوگوں کی بھی ہے جو سوشل میڈیا میں اپنا نام اردو زبان میں لکھنا تک پسند نہیں کرتے۔شاید اردومیں لکھنا اپنی توہین سمجھتےہیں۔اجدادکی بخشی ہوئی عظیم الشان وراثت نا خلف وارثوں سے سنبھالے نہیں سنبھلتی۔انھیں شاید یہ تاریخی مقولہ یادنھیں کہ جس قوم کو اپنا غلام بنانا ہو اس سےاس کی زبان چھین لو۔قوم اپنی موت آپ مرجائےگی۔یوں تواردو کومارنےاور مٹانے کاسلسلہ ہمارے ملک میں آزادی کے فوری بعدسے شروع ہوگیاتھا۔لیکن یہ بھی حقیقت ہےکہ آج بھی مرکزی و صوبائی حکومتں اردو کی ترویج و ترقی کے نام پرسرکای ونیم سرکاری اداروں کوہرسال کروڑوں روپئے کا بجٹ دیتی ہیں۔لیکن ان اداروں کاحال اوران کی کارکردگی کیاہے،،سب جانتے ہیں۔

 

 

 

اردو اکادمیاں مشاعروں کے منتظمین سے کمیشن لےکر بڑی بڑی امدادی رقم منظور کرتی ہیں۔یعنی خود بھی کھاؤ اور ہمیں بھی کھلاؤ۔منتظمین اپنا کمیشن کاٹ کر شاعروں کو نذرانے پیش کردیتے ہیں۔ یہ بھی خوش وہ بھی خوش۔ کس قدر نفع بخش دھندہ ہے۔ دوسری طرف امداد نہ ملنے کے سبب مسودات دھول چاٹتے رہتے ہیں۔ ایک سال۔ دوسال۔ تین سال۔ پھر دیمکوں میں جشن مسرت برپاہوتا ہے۔ طباعت کے منتظر مسودات کی تعداد بھی توکافی ہوتی ہے جن میں شعری مجموعات کو اکثریت حاصل ہوتی ہے۔ اس طرح دیمکوں کو وافر مقدار میں طعام کے لیے غذائی سامان فراہم ہوجاتاہے۔۔ہمارے ایک دوست کےمضامین کا مسودہ۔۔ فخرالدین علی احمد میموریل کمیٹی۔لکھنؤ،،، میں مالی امدادکی درخواست کےساتھ جمع ہوئے تین سال ہوگئے۔ جب بھی خط لکھئےتوجواب نہیں آتا۔ فون کیجئے توجواب ملتا ہے کہ ابھی ۔۔پروسیس،، میں ہے۔اس پروسس کا سلسلہ کتنادرازہوگا۔ یہ تو خدا ہی جانےالبتہ مزے کی بات یہ ہےکہ مذکورہ مسودہ کے بہت بعد میں جمع ہونے والے مسودات زیور طباعت سےآراستہ ہوکر کب کے منظرعام پرآچکےہیں۔خطاہمارےدوست کی ہے۔ مسودہ کےساتھ کسی سفارشی کو کیوں نہ بھجا۔بیچارے تین سال سے اسی دکھ میں گھلےجارہےہیں کہ جیتے جی ان کی کتاب چھپ جاتی تو اچھا ہوتا۔۔ہم سمجھاتے ہیں کہ اناللہ و انا الیہ راجعون،، پڑھئےاورصبرکیجئے مگران کا منھ نہیں کھلتا۔ ایسےکتنےہی ادیب اورشاعر ہوں گے۔۔۔ قومی کونسل برائے فروغ اردوزبان۔دہلی،، کا حال بھی کچھ مختلف نہیں۔ مشاعروں اور سیمیناروں کےلیے بجٹ موجود ہیں مگر مالی امداد کی درخواست کےساتھ جمع شدہ مسودات کی عمریں دو، تین، اور شاید چار سالوں تک پہنچ گئی ہیں۔۔۔

کوئی بتلاؤکہ ہم بتلائیں کیا۔۔۔   اردو سیمیناروں کے حالات بھی اس سے کچھ مختلف نہیں۔۔ اس میں بھی کمیشن خوری کاطویل سلسلہ ہے۔۔اردوکےنام پرتجارت خوب پھل پھول رہی ہے۔ فروغ پارہی ہے۔ سیاسی سفارش ہو تو اردو اکادمیاں ایک لاکھ سے پانچ اورچھ لاکھ روپئے تک کے ایوارڈبھی دیتی ہیں مگر کمیشن کی شرط لازم ہے۔ خواہ ادیب اورشاعر مستحق ہویانہ ہو۔۔چاہیں تو آپ بھی اس لوٹ مار میں شامل ہوکر منفعت بخش کاروبارکرسکتے ہیں۔

صلائےعام ہےیاران نکتہ داں کےلیے ۔

المیہ یہ بھی ہےکہ موجودہ زمانہ میں اردوتنقید اپنےمعنوی معیارسےمنحرف ہوکر محض تعریفی و توصیفی تبصرہ نگاری تک آگئی ہے۔اردو شعروادب کی ترقی کےلیے یہ ایک منفی اور نقصان رساں رجحان اورعمل ہے۔ اردو مشاعروں کےپوسٹراور تشہیری تحریروں کاہندی میں رواج تیزی سے عام ہورہاہے۔اردو والوں کا حال اس ریوڑی والے جیسا ہوگیا ہےجس کاخوانچہ شریر بچے زمین پر گراکراس کی ریوڑیاں لوٹنے لگتےہیں۔ریوڑی والاحیران و پریشان کہ وہ کیا کرے۔ جب کچھ سمجھ میں نہیں آتا تو وہ شریربچوں کے ساتھ خود اپنی ہی ریوڑیاں لوٹنےلگتاہے۔

 

 

یاد رکھیے۔۔۔اردوزبان کا رسم الخط ہی اس کی جان ہے۔اب اس کی جان کی جان نکالنے کے عمل میں تیزی آگئی ہے۔اگر یہ عمل اسی طرح جاری رہا تو وہ دن دور نہیں جب اردو کاصرف نام رہ جائےگااورکچھ عرصہ بعدنام بھی جاتا رہے گا۔یہ زبان ہندی کے ساگر میں ڈوب َجائے گی۔۔۔۔ کھوجائے گی۔۔۔ایک حصہ انگریزی اپنےاندرہضم کر لے گی اور باقی سارے حصے ہندی زبان نگل جائے گی۔۔۔پھر اردوکی موت پر انالللہ واناالیہ راجعون۔۔ پڑھنا بھی لوگ بھول جائیں گے۔۔اور ایک عظیم الشان اسلامی لٹریچر مدفون ہوجائےگا۔لوگ قرآن تو پڑھیں گے لیکن تلفظ ہندی ہوگا۔آیات کےمعنی و مفہوم بدل جائیں گے۔لوگ ثواب اور برکت کےلیے قرآن پڑھیں گے اور عذاب کو دعوت دیں گے۔۔زبانیں اسی طرح بتدریج ختم ہوتی ہیں۔کیااردوزباں بھی ختم ہوجائے گی۔؟بلاشبہ یہی ہوگا۔۔۔

اگراب بھی نہ جاگےہم توصرف صوراسرافیل ہی ہمیں جگاسکے گا۔۔

 

 

 

یاد رکھئے کہ اردوزبان اپنے اصل رسم الخط کےساتھ ہی زندہ رہ پائےگی۔اردو کی زندگی اس لیے ضروری ہے کہ اس سےاسلامی کلچر اورشاندارلٹریچرکا وافرذخیرہ وابستہ ہے۔ہم ایک عظیم الشان وراثت سے محروم ہوجائیں گے۔اس لیےاردو میں لکھنا پڑھنااب ثواب کے زمرے میں داخل ہوگیاہے۔اس زبان کا تحفظ اب صرف زبان کا تحفظ نہیں۔ اردوزبان کا مسئلہ اب صرف ایک معدوم ہوتی ہوئی زبان کامسئلہ نہیں۔بلکہ یہ مسئلہ قومی وملی تحفظات کےساتھ منسلک ہے۔اس لیے اردوزبان کی بقاء و تحفظ کےلیے نہایت سنجیدگی سے غوروفکر کی ضرورت ہے۔مشاعرےاورسیمیناراردوکےمسائل کا حل نہیں ہیں۔اپنوں کی خودغرضیوں کی شکار اردوزبان کوگہرےجذباتی تعلقات مطلوب ہیں۔ وہ محبت کا تقاضہ کرتی ہے۔بے چاری اردو۔!مسلمانوں کو اب تسلیم کرلینا چاہئے کہ اردو مسلمانوں کی زبان ہے۔مردم شمارے کے وقت ز بان کے خانہ میں کوئی غیرمسلم کبھی۔۔ اردو۔۔ نہیں لکھتا۔۔۔۔ لیکن۔۔۔۔۔۔۔ اردوہمای جان ہے۔۔ ہماری شان ہے۔۔۔ ہماری شناخت اورپہچان ہے۔۔۔۔ اردو زندہ باد۔۔ اردوپائیندہ باد۔۔۔۔۔۔

 

چھین کر کو ن لےگیاچہرہ

میر ا ا پنا نہیں مرا چہرہ

 

تہ بہ تہ گر د ہے عذ ا بوں کی

میں بھی رکھتاتھاخوشنماچہرہ

 

* انس مسرورانصاری

 

َ قومی اردو تحریک فاؤنڈیشن(انڈیا)

رابطہ/9453347784

متعلقہ خبریں

Back to top button