تلنگانہ

بچپن کے دوست کے انتقال کی خبر سنتے ہی رو پڑے تلنگانہ کے اسپیکر اسمبلی ۔ہیلی کاپٹر سے پہنچ گئے بانسواڑہ ۔جنازے کو دیا کندھا

حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر  پوچارم سرینواس ریڈی اپنے بچپن کے دوست، نظام آباد ضلع کے وقف بورڈ کے سابق چیرمین اور بانسواڑہ رورل منڈل کے رام پور گاؤں سے تعلق رکھنے والے سالم بن علی کے انتقال خبر ستے ہی اپنے آنسوؤں کو روک نہیں پائے۔

حالانکہ اس وقت اسمبلی میں بجٹ اجلاس میں مباحث جاری ہیں، انتقال کی اطلاع ملتے ہی اسپیکر اسمبلی پوچارم خصوصی ہیلی کاپٹر‌کے ذریعہ حیدرآباد سے بانسواڑہ کے لیے روانہ ہوئے تاکہ اپنے دوست کی تدفین میں شرکت کرسکیں۔ پوچارم  اپنے بچپن کے دوست کی میت دیکھ کر رو پڑے۔

انھوں نے اپنے دوست کے جنازہ کو کندھا دیا اور جنازہ کے ساتھ بانسواڑہ عیدگاہ پہنچے اور تدفین تک موجود رہے۔ انھوں نے اپنے بچپن کے دوست کے انتقال پر شدید رنج کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ دوست کے انتقال کی خبر سن کر مجھے صدمہ اور افسوس ہوا۔ اسپیکر اسمبلی  نے کہا کہ  انھوں نے اپنے دوست کی روح کے سکون کے لیے دعا کی اور ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔

ڈی سی سی بی کے چیرمین پوچارم بھاسکر ریڈی کے علاوہ پوچارم سریندر ریڈی، سابق زیڈ پی چیرمین راجو، مقامی عوامی نمائندے اور قائدین اسپیکر کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button