نیشنل

گجرات کے کئی اضلاع میں تباہ کن بارش _ گاڑیاں اور سامان پانی میں بہہ گئے : ویڈیوز دیکھیں

احندآباد _ 23 جولائی ( اردولیکس ڈیسک) ریاست گجرات کے چند اضلاع میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے ہر طرف پانی جمع ہوگیا ہے جس سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ریاست میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔

جوناگڑھ سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں اتوار کی صبح 6 بجے ختم ہونے والے 24 گھنٹے کی مدت میں 241 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں شدید پانی جمع ہونے اور سیلاب کے باعث کاریں ایک دوسرے پر ڈھیر ہوگئیں اور گاڑیاں اور مویشی بہہ گئے۔

 

حکام نے بتایا کہ ہفتہ کو گجرات میں سیلاب کی وجہ سے دو قومی شاہراہیں، 10 ریاستی شاہراہیں اور 300 دیہی سڑکیں بند کر دی گئی تھیں اور جہاں پانی کم ہو گیا تھا وہاں ٹریفک دوبارہ شروع ہو گئی ۔

 

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) سمیت حکام جنگی بنیادوں پر لوگوں کو نکالنے اور ان علاقوں میں معمولات بحال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں جہاں بارش رک گئی ہے۔جوناگڑھ سے تقریباً 3000 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

 

احمد آباد کا سردار ولبھ بھائی پٹیل ایرپورٹ گزشتہ دو دنوں میں ریاست بھر میں مسلسل بارش کے بعد ہفتے کی رات مبینہ طور پر گھٹنوں تک پانی سے بھر گیا۔ کانگریس کے لیڈروں سمیت کئی سوشل میڈیا صارفین نے ایسی ویڈیوز شیئر کیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایرپورٹ پر پانی بھر گیا ہے، رن وے اور ٹرمینل کے علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

 

اس کے علاوہ گجرات کے دیگر اضلاع بشمول واپی ، ولساد میں شدید بارش سے سڑکوں پر کاریں اور دیگر گاڑیوں کے علاوہ گیاس سلنڈرس پانی میں بہہ گئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button