انٹر نیشنل

سعودی عرب۔قومی پرچم کے استعمال کے حوالے سے وزارت داخلہ کا انتباہ جاری

ریاض ۔ کے این واصف

سعودی عرب کے قومی دن پر عوام میں قومی پرچم کا بہت استعمال نظر آتا ہے۔ ان میں مقامی باشندے اور خارجی دونوں شامل ہیں۔ قومی پرچم کا اپنا ایک احترام ہوتا ہے۔ قومی پرچم کے استعمال کے اس سلسلہ میں وزارت داخلہ نے انتباہ جاری کیا ہے۔ سعودی عرب کے قومی پرچم کے حوالے سے وزارت داخلہ نے انتباہی احکامات جاری کیے ہیں جن کے ہرایک کو عمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔

 

وزارت داخلہ کے ایکس اکاونٹ ( سابقہ ٹوئٹر) پرقومی پرچم کے احترام کے حوالے سے جاری انتباہی نکات میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے قومی پرچم کو کسی بھی تجارتی مقاصد یعنی ٹریڈ مارک یا اشتہارات کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ ایسے پرچم جوپرانے یا بوسیدہ ہوچکے ہوں انہیں استعمال کرنا منع ہے۔ مختلف نوعیت کی اشیا کو باندھنے یا پرچم میں لپیٹ کر اشیا کو لے جانا قطعی طورپرمنع ہے۔

 

پرچم کی حفاظت اوراس کا خیال رکھا جائے۔ ایسے مواد پرپرچم پرنٹ کرنا منع ہے جنہیں بعد میں تلف کیا جاتا ہو۔ جھنڈے پرکسی قسم کی عبارت تحریر نہیں کی جاسکتی نہ ہی اس میں کسی قسم کی رد وبدل کرنے کی اجازت ہے۔

 

جاری نکات میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی پرچم کو کسی بھی حالت میں سرنگوں نہیں کیا جاسکتا نہ ہی اسے الٹا اٹھایا جائے۔ جھنڈا زمین پرنہ گرے ۔ جھنڈے کو جانوروں کے جسم پرلگانے یا کنندہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

 

واضح رہے مملکت کا قومی دن 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے وزارت داخلہ نے یاد دہانی کے لیے قومی پرچم کے تحفظ کے لیے انتباہی نکات جاری کیے ہیں تاکہ ان پرسختی سے عمل کرنے کی ہدایات کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button