لاوارث خاتون کے انتم سنسکارسے گاوں والوں کا انکار۔ پولیس نے انجام دی آخری رسومات

ونپرتی: ریاست تلنگانہ میں پولیس ملازمین نے لاوارث خاتون کی لاش کندھوں پر لے جاکر اس کی آخری رسومات انجام دیں۔ انسانی ہمدردی کے اس کام پرضلع ونپرتی کی مدناپور پولیس کی ستائش کی جارہی ہے۔ ایک خاتون کی موت جمعہ کی شب ہوئی۔80سالہ شکنتلا مدناپور منڈل میں ایک مکان میں مقیم تھی۔وہ تنہا زندگی گذارتی تھی اور اس کے کوئی بھی ارکان خاندان اس کی مدد نہیں کرتے تھے۔خرابی صحت کی وجہ سے اس کی موت جمعہ کی شب ہوگئی جس کے بعد اس کی دور کی رشتہ دار لکشمی کو اس بات کی اطلاع دی گئی۔کورونا وبا کی وجہ سے گاوں والوں نے اس کی آخری رسومات انجام دینے سے انکار کردیا۔اس صورتحال میں سب انسپکٹر پولیس تروجپا اور ان کے اسٹاف نے شکنتلا کی آخری رسومات ہندو رسم ورواج کے مطابق انجام دی۔مدنا پور کے رہنے والوں نے پولیس کی اس مساعی کی ستائش کی۔پولیس کی جانب سے اس خاتون کی لاش کو کندھوں پر اٹھا کر لے جانے کی تصویر سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئی۔