حیدرآباد میں ٹماٹر کی قیمت آسماں پر

حیدر آباد: پکوان کی لازمی شئے سمجھے جانے والے ٹماٹر کی قیمت میں حالیہ چند دنوں میں ہوئے بتدریج اضافہ سے عام آدمی کا سر چکرانے لگا ہے۔ ٹماٹر کی اضافی قیمت نے تو اب پہلے کے تمام ریکارڈس توڑ دیئے۔ عوام کا ماننا ہے کہ ٹماٹر کی قیمتوں میں آئے بھاری اچھال نے انہیں یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ کھائے تو کھائیں کیا؟۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر مقامات پر کافی اضافہ ہوگیا ہے۔ اس کی قیمت میں 3 گنا سے بھی زائد اضافہ ہوگیا ہے۔ ٹما ٹر کی قیمت اب بڑھ کر 100 روپئے فی کیلو ہوگئی ہے۔گذشتہ ماہ سے ٹماٹر کے ساتھ ساتھ دیگر ترکاریوں کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ درج کیاجارہا ہے۔بارش کے سبب کئی سبزیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا جس کے نتیجہ میں شہر کی اہم مارکٹس میں ترکاری کی منتقلی میں کمی ہوگئی اور قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔شہرحیدرآباد کو قریبی اضلاع سے ترکاری لائی جاتی ہیں تاہم جاریہ سال ہوئی غیرمعمولی بارش کے نتیجہ میں سبزیوں کی فصلوں کو کافی نقصان ہوا۔