جنرل نیوز

نوجوان عصری وسائل کے ساتھ فکر کی روشنی کو عام کریں

گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں سوامی وویکا نند کے یوم پیدائش تقریب کا اہتمام

ظہیر آباد(12جنوری پریس نوٹ) سوامی وویکانند ہندوستان کے ایک عظیم مفکر اور دانشور تھے جنہوں نے کم عمری میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور اپنے مذہبی اور سماجی افکار سے بین مذاہب اتحاد اور ہندوستان کے سماجی ڈھانچے سے عدم مساوات کو دور کرنے کی کوشش کی۔ موجودہ دور کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سوامی وویکانند اور دیگر دانشوروں کی زندگی سے سبق حاصل کریں اور موجودہ دور میں ہندوستانی سماج میں پائی جانے والی سماجی برائیوں اور جہالت کے اندھیروں کو دور کرنے کے لیے عصری وسائل کو اختیار کریں اور اپنے پیغام کو عام کریں ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں آج سوامی وویکانند کے یوم پیدائش کے ضمن میں منعقدہ ”قومی یوم نوجوانان۔ نیشنل یوتھ ڈے“ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب سے کالج کے اساتذہ ڈاکٹر عائشہ بیگم‘ڈاکٹر سریندر‘ ڈاکٹر رویندر ریڈی وائس پرنسپل‘ محمد تنویر‘ ایس راملو اور دیگر نے خطاب کیا اور کہا کہ سوامی وویکا نند کلکتہ میں 1863کو پیدا ہوئے انہوں نے مشکل حالات میں انگریزی تعلیم حاصل کی۔ ہندوستان کے بکھرے سماجی و مذہبی ڈھانچے پر فکر مند ہوئے۔1893میں شکاگو امریکہ میں منعقدہ عالمی مذاہب کانفرنس سے بہنو اور بھائیو کہہ کر خطاب کیا اور مغربی ممالک میں قیام کرتے ہوئے بین مذاہب اتحاد اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے پیغام کو عام کیا۔ سوامی وویکانند کی تعلیمات کی آج بھی ہندوستان اور عالمی سطح پر ضرورت ہے جب کہ مذہب‘ذات پات اور دولت کی تقسیم میں منافرت عام ہے۔ آج انسانیت کے مذہب کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ کالج کے طلباء وویکانند اور دیگر سماجی مفکرین کی زندگیوں کا مطالعہ کریں اور خود بھی اچھی تعلیم و تربیت کے ساتھ مستقبل کے مفکر اور دانشور بنیں۔ دانشوروں کے اقوال کو سلائیڈ کے ذریعے سوشل میڈیا سے عام کریں۔ تقریب میں کالج کے دیگر لیکچررز بالاجی‘سدپا‘کرن مائی‘پریتی اور بدرسلطانہ نے بھی شرکت کی۔ کالج کے طلباء جویریہ‘ فاطمہ اور ارباز نے وویکانند کے پیغام کو انگریزی اور اردو میں پیش کیا۔ اور اس بات کا عہد کیا کہ وہ بھی ملک اور قوم کا نام روشن
کرنے کے لیے کام کریں گے۔ ایس راملو کے شکریہ پر اس تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button