انٹر نیشنل

اگلے حج کی تیاریوں کا آغاز۔عازمین‌کیلئے ایک اور زمرہ کا اضافہ

ریاض ۔ کے این واصف

ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ حج سیزن کے ختم ہوتے ہی اگلے حج کی تیاری شروع کر دیتی ہے۔ وزارت کی جانب سے اگلے حج سے متعلق ایک اہم اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے اندرون مملکت سے حج کرنے والے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے زمروں میں ’اقتصادی 2‘ کے نام سے ایک اور زمرے کا اضافہ کیا ہے۔اس زمرے کے تحت حج کرنے والوں کو منی کے باہر رہائش دی جائے گی اور حج کے لیے ان کا انتخاب قرعہ اندازی سے نہیں ہوگا۔

مقامی اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے نئے حج سیزن 2023 کے لیے اندرون مملکت سے عازمین کے لیے رجسٹریشن 28 اگست ( یکم صفر) سے شروع کرنے والی ہے۔ وزارت حج وعمرہ آئندہ حج سیزن کی تیاریاں کررہی ہے۔ تمام انتظامات سیزن شروع ہونے سے قبل مکمل کیے جانے کی خواہشمند ہے۔وزارت کا کہنا ہے کہ ’نئے حج سیزن میں ایک اور زمرے کا ’اقتصادی 2‘ کے نام سے اضافہ ہوگا۔ اس کے تحت حج کرنے والوں کو وادی منی کے باہر موجود عمارتوں میں رہائش دی جائے گی۔ اس زمرے کے تحت عازمین داخلی عازمین کے ادارے میں براہ راست اندراج کراسکیں گے۔ 25 فیصد کوٹہ 65 برس سے زیادہ عمر کےعازمین کے لیے ہوگا‘۔

مجوزہ طریقہ کار کے مطابق ’حج پیکیج فیس دو قسطوں میں ادا کرنا ہوگی۔ پہلی قسط اندراج کے 72 گھنٹے کے اندر جمع کرانا ہوگی جبکہ دوسری قسط 24 دسمبر 2022 (30 جمادی الاول 1444ھ ) تک ادا کرنی ہوگی‘۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ’ حج پیکیج کی جمع شدہ رقم 23 جنوری 2023 ( یکم رجب 1444ھ) سے داخلی معلمین کو منتقل ہوگی‘۔وزارت حج جس داخلی معلم کو جتنےافراد کو حج کوٹہ دے گی اسی تناسب سے اسے پیکیج کی رقم منتقل کردی جائےگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button