این آر آئی

الیاسمین انٹرنیشنل اسکول ریاض کا سالانہ پروگرام جوش و خروش سے منایا گیا

ریاض:منصور قاسمی ریاض سعودی کے بموجب سعودی عرب کا معروف و مقبول اسکول  الیاسمین انٹرنیشنل اسکول ریاض کا سالانہ پروگرام اسکول کے وسیع و عریض ہال میں نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا ؛ جس کی صدارت اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر ایس ایم شوکت پرویز نے کی ،مہمان خصوصی کی حیثیت سے ریاض کی علمی ، ادبی اور سماجی شخصیت ڈاکٹر محمد اشرف نے شرکت کی ؛جبکہ نظامت کے فرائض اسکول کے ہی تین ہونہار کم عمر طلبہ نوح احمد، امان قادری اور ابھیوکت شرما نے منفرد اور دلکش انداز میں انجام دیئے ۔

بوائز سیکشن کے ہیڈ ماسٹر اور انتہائی فعال نوجوان تنویر صدیقی نے شاندار انداز میں افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا:آپ اپنا قیمتی وقت نکال کریہاں تشریف لائیں ہیں اس کے لئے ہم فردا فردا سبھی حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔الیاسمین اپنے ابتدائی ایام سے ہی تعلیم وتعلم میں اپنا اہم کردار نبھا رہا ہے اور یقینا اس میں منتظمین ، اساتذہ ، بچے اور بچوں کے دالدین سبھی کا تعاون شامل ہے ۔ اب آپ بچوں کے ذریعے پیش کئے جانے والے ثقافتی پروگرام کا لطف اٹھائیے ۔،،

ڈاکٹرمحمد اشرف نے کہا الیاسمین اسکول کو میں بیس سالوں سے جانتا ہوں ، اس اسکول نے ڈاکٹر دیئے ، انجینئر دیئے ، پروفیسر دیئے، ہر شعبے میں اور ہر جگہ اس اسکول کے تعلیم یافتہ موجود ہیں ۔اس اسکول نے تعلیم و تعلم کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کرایا ہے ۔ ریاض کے اسکولوں میں اس کا منفرد مقام ہے ۔میں تمام ذمہ داران خصوصا شوکت پرویز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔،،

اسکول کی وائس پرنسپل آشا چیرین نے کہا : بچوں کو ان کے قابلیت کے حساب سے کوئی شعبہ انتخاب کرنے کا موقع دیں ، جس شعبہ میں بچوں کو دلچسپی ہوگی اس میں وہ نمایاں طور کر کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔ اجبار اس کے لئے نقصان دہ ہو سکتا ہے،یہ بات والدین کو سمجھنی ہوگی۔،،

علم و ادب کے پیکر اور اسکول کے روح رواں ڈاکٹرایس ایم شوکت پرویز پرنسپل الیاسمین انٹرنیشنل اسکول نے کہا :الحمد للہ اسکو ل کا سالانہ رپورٹ شاندار ہے ، سو فیصد رزلٹ ہے، جے ای ای امتحان میں ہمارے بچے کوالی فائی کر رہے ہیں،ایک بچی نے کھیل میں قومی سطح پر کامیابی حاصل کی ہے اور یہ اسکول کے لئے فخر کی بات ہے ۔مزید فرمایا :پودے لگانا اور پودوں کو بچانا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ فضا صاف رہے اور ہمیں صاف ستھری ہوا ملے۔،،

ثقافتی پروگرام کے تحت بچوں نے حب الوطنی کے نغمے، رقص و موسیقی اور دعوت فکر دینے والے ڈرامے پیش کر کے حاضرین کا دل جیت لیا، حاضرین نے بھی خوب داد دی ، ہال تالیوں سے گونجتا رہا ۔وقفے وقفے سے الگ الگ شعبے میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات پیش کئے جاتے رہے ۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اسکول کے تمام کوآرڈنیٹر ز اور اساتذہ کرام نے اہم کردار ادا کیا۔ اخیر میں ہیڈ کوآرڈنیٹر اور سینئر استاد محمدالطاف کے کلمات تشکر کے ساتھ یہ خوبصورت پروگرام اختتام پذیر ہوا

متعلقہ خبریں

Back to top button