جنرل نیوز

دارالعلوم عزیزیہ ضلع عادل آباد کا 11 واں سالانہ عظیم الشان جلسہ کا کامیاب انعقاد ۔

عادل آباد۔ 6/فروری (اردو لیکس)اپنے نونہالوں کو دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار مفسر قرآن حضرت مولانا انیس احمد آزاد بلگرامی نقشبندی نے ضلع عادل آباد کے بیلا منڈل میں واقع دارالعلوم عَزیزیہ دہے گاؤں کے فقید المثال 11ویں سالانہ عظیم الشان جلسہ عام و "دستار بندی حفاظ کرام”اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔مولانا انیس احمد آزاد بلگرامی نقشبندی نے اس جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے علم اور علم دین حاصل کرنے اور دینی مدارس کی اہمیت سے واقف کروایا اور قرآن کریم کو حفظ کرنے کی فضیلت پر روشنی ڈالی

 

۔مولانا کا کہنا تھا کہ اللہ تبارک و تعالی اپنے بندوں سے بے پناہ محبت کرتا ہے۔اگر ہم سے کوئی گناہ سرزد ہو جائے تو اللہ تبارک و تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں وہ توبہ کو قبول کرنے اور گناہوں کو معاف کرنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ کثرت سے استغفار کرنے سے زندگی میں برکت ہوتی ہے اور غیب سے مدد و تنگدستی دور ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری رسول ماننا یہی ہمارے کامل ایمان کی دلیل ہے۔اس لیے ضروری ہے کہ ایمان والے کم از کم ہفتے میں ایک آیت ہی سیکھ لیں تو اللہ تعالی کے پیغام کو ہم حقیقی معنوں میں سمجھ سکتے ہیں

۔مولانا عتیق احمد قاسمی نے والدین کو اولاد کے حق میں صحیح تربیت و دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کی ترغیب دی۔کہا کہ بچے نقل کرنے والے ہوتے ہیں اس لئے والدین کو چاہیے کہ وہ فون کا کثرت سے استعمال کے بجائے اپنے نونہالوں کے لیے وقت نکالیں تاکہ ان کی صحیح تربیت ہو سکے۔روزانہ گھروں میں تلاوت ذکر و اذکار کا ماحول بنائیں۔تاکہ ہمارے بچے بھی قران کی تلاوت ذکر و اذکار کرنے والے بنیں۔نیز یہ بھی کہاکہ ہم حفاظ بننے والے بچوں کی قدر نہیں کرتے وہیں اگر بچہ ڈاکٹر یا انجینئر بنتا ہے تو اس کی قدر زیادہ کرتے ہیں۔والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ برابری کا معاملہ کریں۔اس موقع مدرسہ ھذہ میں حفظ قرآن کریم مکمل کرنے والے خوش نصیب طلباء کو مہمان علماء کے ہاتھوں دستار بندی کی گئی اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے تحائف سے نوازا گیا

 

۔اجلاس کی سر پرستی استاذ الاساتذہ محترم جناب الحاج مولوی بشیر احمد صاحب صدر المدرسین مدرسہ روضتہ العلوم نرمل نے کی،جبکہ صدارت حضرت مولانا محمد سرور صاحب منصوری قاسمی نقشبندی نے کی،نگرانی حضرت مولانا محمد شاہد علی صاحب مظاہری نائب ناظم دارالعلوم صدیقہ خانہ پور نرمل نے کی۔ناظم مدرسہ حضرت مولانا محمد اکبرالدین حسامی نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور مدرسہ کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور تمام سے اظہار تشکر کیا اور مدرسہ کی ترقی میں معاون بننے کی خواہش کی۔مدرسہ ھذا کے اساتذہ و نوجوانان دہی گاؤں اور بیلا نے مہمانوں کا استقبال کیا اور انتظامات کو قطعیت دی۔ضلع عادل آباد کے علماء و حفاظ کے علاوہ مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے عظیم الشان جلسہ میں شرکت کرتے ہوئے جلسہ کو کامیابی سے ہم کنار کیا اور خوب دعاؤں سے نوازا۔مہمان علمائے کرام کی دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا۔اخیر میں ذمہ داران مدرسہ حاجی الطاف احمد اور حاجی عبدالقیوم تمام شرکاء سے اظہار تشکر کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button