جنرل نیوز

کرشنا باجپائی علاقائی کمشنر کلیان کرناٹک سے لکشمن دستی اور ڈاکٹر ماجد داغی کی ملاقات

آئی اے ایس آفیسر کرشنا باجپائی نے گلبرگہ ڈویژن کے علاقائی کمشنر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھال لی۔ مسٹر کرشنا باجپائی اتر پردیش کے متوطن ہیں اور تاریخ و ادب سے انہیں گہری دلچسپی ہے۔ ان کے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد کلیان کرناٹک پردیشدا اتہاس رچنا سمیتی (حکومت کرناٹک) کے ممبرسکریٹری مسٹر لکشمن دستی اور رکن سمیتی ڈاکٹر ماجد داغی صدر لوک ساہتیہ منچ گلبرگہ نے ان کے دفتر پہنچ کر انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے گلدستہ پیش کیا، مسٹر کرشنا باجپائی کو کلیان کرناٹک ترقیاتی بورڈ کے سکریٹری کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گلبرگہ ڈویژن کے علاقائی کمشنر کلیان کرناٹک پردیشدا اتہاس رچنا سمیتی کے صدر بھی ہوتے ہیں اس لئے ان سے اس علاقہ کی تاریخ سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا،

 

مسٹر کرشنا باجپائی کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے مسٹر لکشمن دستی نے کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علاقہ کلیان کرناٹک کی 1724ء سے 1948ء کی تاریخ جس میں میر قمر الدین علی خان سے میر عثمان علی خان ”آصفیہ سلطنت” کے علاوہ 1956ء کی تاریخ جس میں آزادی ہند کے بعد کی تحریکات، حیدرآباد دکن کے انضمام وغیرہ کی تاریخ بھی شامل ہے، مرتب کرنے حکومت نے کلیان کرناٹک پردیشدا اتہاس رچنا سمیتی کی تشکیل عمل میں لائی ہے جس کے زیرِ اہتمام گزشتہ دنوں ضلع بیدر میں دو روزہ کانفرنس منعقد کی گئی تھی

 

۔ڈاکٹر ماجد داغی رکن سمیتی نے اس سلسلے میں مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ تاریخ کی تدوین و ترتیب میں مختلف شعبوں کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور ”اورل ہسٹری” کے مواد کی دستیابی کے حصول کے ساتھ ساتھ مختلف یونیورسٹیوں میں اس علاقہ کی تاریخ پر ہوئے تحقیقی کام سے بھی استفادہ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔اس خصوص میں متعلقہ محققین کو باضابطہ ذمہ دارانہ کام سونپنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔مسٹر کرشنا باجپائی نے سمیتی کے اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 17/ستمبر کے بعد فوری طور پر ایک اجلاس کے انعقاد کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button