جنرل نیوز

اگنی ویر فوج میں شمولیت سے نوجوانوں کی ہمہ جہت ترقی

ظہیر آباد کے ڈگری اور اقامتی جونیر کالجوں میں مسٹر سجا سری چیتنیا ایر فورس کمانڈنگ آفیسر کا خطاب

ظہیر آباد (7ڈسمبر۔ پریس نوٹ) مرکزی حکومت کی جانب سے ملک کی فوج کے تینوں شعبوں بحریہ‘فضائیہ اور زمینی فوج میں نوجوانوں کو بھرتی کرنے اور انہیں چار سال تک تربیت فراہم کرنے کی اسکیم اگنی ویر میں شمولیت سے ملک کے نوجوان اپنی زندگی کے اہم موڑ پر  ہمہ جہت ترقی کرسکتے ہیں۔اگنی ویر چار سال تک ملک کی خدمت کرسکتے ہیں اور بہترین نظم و ضبط سیکھ کر زندگی کے کسی بھی شعبہ میں ترقی کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں بھر پور مالی فوائد بھی حاصل ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارمسٹر سجا سری چیتنیا تلنگانہ و آندھرا پردیش کے اگنی ویر رکروٹنگ آفیسر و کمانڈنگ آفیسر انڈین ایر فورس نے ظہیر آباد مستقر پر گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد ٹمریس بوائز و گرلز اقامتی جونیر کالج کے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی‘ ٹمریس بوائز اقامتی جونیر کالج کے پرنسپل مسٹر کے ایس جمیل اور ٹمریس گرلز اقامتی جونیر کالج کی پرنسپل مسز کے راشیل نے اگنی ویر پروگراموں کی صدارت کی۔مسٹر سجا سری چیتنیا  نے پاور پوائنٹ کی مدد سے اگنی ویر اسکیم میں داخلہ فارم ‘انٹرنس امتحان اور فوج میں شمولیت کے تمام مراحل طلباء و طالبات کے روبرو پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 18تا 22سال کی درمیان کے نوجوان اگنی ویر میں شمولیت کے اہل ہیں۔ ایسے نوجوان جو انٹرمیڈیٹ 50% نشانات سے کامیاب ہیں۔جن کی تاریخ پیدائش2002جون تا2005ڈسمبر کے درمیان ہے جن کا قد لڑکوں کے لیے 152.5سنٹی میٹر اور لڑکیوں کے لیے152سنٹی میٹر اور سینہ کی چوڑائی77سنٹی میٹر وہ چار سال تک اگنی ویر اسکیم کے تحت فوج کے کسی بھی شعبے میں بھرتی کے اہل ہوں گے۔ پہلے سال ماہانہ 30,000دوسرے سال33,000تیسرے سال36,000اور اگنی ویر سے سبکدوشی کے چوتھے سال ماہانہ 40,000تنخواہ ادا کی جائے گی۔اگنی ویر کے تحت ملنے والی یافت کو انکم ٹیکس سے استثنا رہے گا۔ اور ہر ماہ کچھ تنخواہ منہا کرکے چار سال بعد سبکدوشی کے وقت 10لاکھ سے زائد رقم نقد ادا کی جائے گی تاکہ اگنی ویر زندگی کے کسی بھی شعبے میں آگے بڑھنے کے لیے اس رقم کو استعمال کریں۔  مسٹر چیتنیا نے کہا کہ اگنی ویر نوجوان چار سال تربیت کے بعد جب فوج سے باہر آئیں گے تو انہیں اپنے بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے خاطر خواہ رقم دستیاب رہے گی اور ان کی تربیت کے بعد مختلف شعبوں میں انہیں ملازمت کے لیے فوقیت دی جائے گی۔ اگنی ویر کو لائف انشورنس کی سہولت دستیاب رہے گی۔ اس کے علاوہ نیشنل ڈفنس اکیڈیمی میں بھی ملازمت کے مواقع دستیاب رہیں گے۔ نوجوان اس اسکیم سے استفادہ کریں اور نظم و ضبط کے حصول کے ساتھ بہتر مستقبل کی تیاری کریں۔ گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں نوجوان طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے اگنی ویر شعور بیداری پروگرام میں کالج کے لیکچررز ڈاکٹر محمد غوث‘ڈاکٹر مورتی نرہری‘ ڈاکٹر عائشہ بیگم‘ڈاکٹر سریندر‘ شکنتلا‘ مظفر علی‘محمد تنویر‘پولیس پروین‘ ودیا ساگر‘ سدپا‘نبدر سلطانہ اور دیوی کے ہمراہ  شرکت کی۔  طلباء کے سوالات کے جوابات دئیے گیے۔پروگرام میں مسٹر سجا چیتنیا کے علاوہ صوبیدار میجر ایم اے مجید‘ایر فورس عملہ جی پال‘کے راجیش محمد حارث اور فوج کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ گورنمنٹ ڈگری کالج کی جانب سے مسٹر سجا سری چیتنیا کی شال پوشی کی گئی۔ فوج کی جانب سے کالج کے طلباء کے لیے معلوماتی پوسٹر فراہم کیے گئے۔ ٹمریز اساتذہ اور غیر تدریسی عملے سے عرفان‘محمد سمیع الدین اور کالج کے عملے نے بھی اپنے اپنے کالجوں میں اس پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے تعاون کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button