تلنگانہ

حضرت علامہ یوسف القرضاوی کا سانحہ ارتحال عالم اسلام کا نا قابل تلافی نقصان _امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان وذمہ دارانِ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کا اظہار تعزیت

 

عالم اسلام کے جید عالم دین‘ عظیم مصنف‘ فقیہ العصرحضرت علامہ یوسف القرضاوی اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ بحکم اِلٰہی اِنہوں نے داعی اجل کو لبیک کہا۔ بلا شبہ وہ عالم اسلام کے جلیل القدر عالم و فقیہ‘ مفکر و مفسر اور تحریکاتِ اسلامی کے قائد و رہبر کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھے جائینگے۔ علامہ یوسف القرضاوی کا انتقال عالم اسلام کا نا قابل ِ تلافی نقصان ہے۔ ان خیالات کااظہار امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ مولانا حامد محمدخان نے اپنے تعزیتی بیان میں کیا۔ اُنہوں نے کہا علامہ یوسف القرضاویؒ نے اپنی ساری زندگی دین اسلام کی سربلندی کے لئے گزاردی۔ وہ بیک وقت کئی ایک صلاحیتوں کے مالک تھے۔ ان کی خوبی یہ بھی تھی کہ وہ تمام مکاتب فکر و مسالک میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے۔ اُنہوں نے اپنی تحریروں کے ذریعہ لاکھوں نفوس کو متاثر کیا اور دین اسلام سے قریب کیا۔ بلا شبہ علامہ یوسف القرضاوی جیسی شخصیات صدیوں میں کہیں پیدا ہوتی ہے۔ ان کا انتقال اُمت مسلمہ کے لئے عظیم خسارہ ہے۔اور ایک عہد کا خاتمہ ہے۔امیر حلقہ نے کہا کہ علامہ یوسف القرضاوی نے شہر حیدرآباد کا بھی ایک سے زائد مرتبہ دورہ کیا اوریہاں پر اپنے علم کی روشنیاں بکھیریں۔سکریٹریزحلقہ تلنگانہ مولانا سید عبدالباسط انور،جناب محمد نصیر الدین‘ جناب محمد اظہر الدین‘ جناب ایم این بیگ زاہد،ناظم شہرعظیم تر حیدرآباد حافظ محمد رشادالدین‘ محترمہ ناصرہ خانم‘ ریاستی ناظمہ محترمہ آسیہ تسنیم و دیگر ذمہ دارانِ جماعت نے بھی علامہ یوسف القرضاوی کے سانحہ ارتحال پرگہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور اُن کے حق میں دعائے مغفرت کی۔ اللہ تعالیٰ، یوسف القرضاویؒ کی مغفرت فرمائے‘ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور عالم اسلام کو اُن کا نعم البدل عطا فرمائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button