انٹر نیشنل

سعودی عرب میں کورونا کے نئے ویئرینٹ ’جے این 1‘ کا پھیلاو، ’تشویش کی کوئی بات نہیں

ریاض ۔ کے این واصف

قہر خیز کووڈ ۱۹ ایک نئی شکل میں پھر سر اٹھانے لگی ہے جس سے دنیا میں دوبارہ خوف کی لہر پھیلنے لگی۔ اس سلسلہ میں سعودی پبلک ہیلتھ اتھارٹی “وقایہ” کا کہنا ہے مقامی سطح پر کورونا کے نئے ویئرینٹ “جے این 1” وائرس کے پھیلاو کی نگرانی کی جارہی ہے۔

 

مقامی جرائد کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے مملکت میں اس نئے وائرس کے پھیلنے کا تناسب 36 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے تشویش کی کوئی بات نہیں۔ ایسے مریضوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا جنہیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے نئے پھیلنے والے وائرس ’جے این۔1 ‘ کو ’بی اے ۔2.86 ‘ کے سلسلے کی کڑی قراردیا ہے۔

 

عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ یہ وائرس بھی تیزی سے ایک سے دوسرے میں منتقل ہوتا ہے۔ وائرس سے محفوظ رہنے کےلیے فیس ماسک کا استعمال کیا جائے اور ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ وائرس سے دوسرے متاثر نہ ہوں۔

 

سعودی صحت اتھارٹی ’وقایہ‘ نے وائرس کے حوالے سے یہ اطمینان بھی دلایا کہ اگرچہ نیا وائرس تیزی سے دیگر ممالک میں پھیل رہا ہے تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں ہوا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button