تلنگانہ

سابق وزیر محمد علی شبیر گھر پر نظر بند _ عازمین حج کے آخری قافلہ کی وادعی تقریب میں شرکت سے محروم کرنے کا چیف منسٹر پر لگایا الزام

حیدرآباد_ 22 جون ( اردولیکس) تلنگانہ کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر محمد علی شبیر کو آج جوبلی ہلز کی پولیس نے انھیں گھر پر نظر بند کردیا۔جس پر محمد علی شبیر نے چندرشیکھرراو حکومت کے رویہ پر شدید احتجاج کیا۔

 

انھوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے انھیں بحیثیت اپوزیشن لیڈر  حج ہاؤس میں عازمین حج کے  آخری قافلہ کی رسمی روانگی میں شرکت کے لیے ایک باضابطہ دعوت نامہ روآنہ کیا تھا تاہم پولیس نے آج صبح جوبلی ہلز واقع ان کی قیام گاہ پہنچ کر انھیں گھر سے باہر جانے نہیں دیا۔ جس سے انھیں کافی حیرت ہوئی ہے ، جس سے وہ حج ہاؤس جانے اور عازمین کے ساتھ مشغول ہونے کے موقع سے محروم رہے۔

 

محمد علی شبیر نے الزام لگایا کہ سرکاری محکموں میں ٹال میل  کا یہ فقدان تشویش کا باعث ہے۔ گھر پر نظر بند کرنے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شبیر علی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر حج کیمپ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کا ہمیشہ سے یہ رواج رہا ہے کہ وہ  حجاج کے مختلف قافلوں کی وداعی تقریب میں شرکت کرتے ہیں، اسے سیاسی ایجنڈے سے ہٹ کر ایک مقدس عمل کے طور پر دیکھتے ہیں۔

 

کانگریس قائد نے کہا کہ نہ چیف منسٹر چندرشیکھرراو خود عازمین حج کو وداعی کرنے جاتے ہیں اور نہ دوسروں کو وداعی کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں  چیف منسٹر نے 2017 سے حج ہاؤز کا دورہ نہیں کیا ہے اور اب وہ دوسروں کو عازمین کے ساتھ رابطہ قائم کرنے اور انہیں ان کے مقدس سفر پر رسمی رخصت دینے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button