جنرل نیوز

کرناٹک کے رائچور ضلع کے مانوی میں تحفظ ایمان وختم نبوت کانفرنس کا انعقاد

 دارالعلوم دیوبند کے معروف عالم دین مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کیا خطاب

رائچور:کرناٹک کے رائچور ضلع کے مانوی میں تحفظ ایمان وختم نبوت کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا ۔کانفرنس کی صدارت دارالعلوم دیوبند کے معروف عالم دین مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی دامت برکاتہم نے کی ۔ اس موقع پر مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ دور حاضر میں نوجواں نسل کے ایمان اور عقیدے کا تحفظ ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے ۔

 

 

انہوں نے کہاکہ ایک طرف موبائیل فون کے استعمال کا بڑھتا رحجان ، دوسری طرف بعض اسلام دشمن عناصر کی جانب سے سوشیل میڈیا کا استعمال ملت اسلامیہ کے لئے ایک بڑا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالم اسلام میں بعض فتنے بھیس بدل بدل کر دین مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم اور حریم ختم نبوت کو مجروح کرنے کی ناپاک کوشش میں لگے ہوئے ہیں ۔

 

 

مولانا نے کہاکہ ملت اسلامیہ کی ذمہ داری ہے کہ ان گمراہ کن نظریات کو واشگاف کریں ۔انہوں نے بتایا کہ ہمارا ملک ایک جمہوری ملک ہے جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے لوگ رہتے ہیں اور مسلماں انسانیت کی بنیاد پر ہر ایک کے ساتھ الفت ،چاہت اور حسن سلوک کا معاملہ رکھیں ، یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بنیادی تعلیمات میں سے ہے۔انہوں نے کہاکہ مذہب اسلام دنیاوی تعلیم سے نہیں روکتا ، لیکن والدین اور سرپرستوں کو چاہئے کہا کہ وہ ایمان اور عقیدے کے تحفظ کے لئے اپنے بچوں کو لازمی طورپر دینی و مذہبی تعلیم سے وابستہ کریں۔

 

 

انہوں نے کہاکہ علمائ کرام اور دانشوران ملت کو چاہئے کہ وہ مکاتب ومدارس ، مساجد ومجالس ، اسی طرح اسکول وکالج ، نیز خواتین کے اداروں اور گھروں میں مردوں ، خواتین ، بزرگوں ، بچوں سب میں انفرادی طور پر عقائد کی تعلیم کو خوب عام کریں، ہر فرد امت کو بیدار کریں۔

 

 

انہوں نے کہا کہ یہ وہ نازک وقت ہے کہ ہم نصر ت خداوندی کا سہارا لیتے ہوئے انابت الی اللہ اورکامل توکل کے ساتھ سنت رسول صل اللہ علیہ وسلم اور سنت صحابہ کو زندہ رکھیں ۔ تحفظ ایمان وختم نبوت کانفرنس سے مختلف ریاستوں اور اضلاع کے علمائ کرام نے بھی خطاب کیا۔ اور مولانا مفتی سید ذیشان قادری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button