جنرل نیوز

حق رائے دہی کی اہلیت کے لیے ووٹر لسٹ میں شمولیت لازمی

گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں ووٹر شعور بیداری پروگرام سے آرڈی او کاخطاب

ظہیر آباد(2ڈسمبر۔ پریس نوٹ) ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور اس جمہوریت کی خاص بات اس ملک کے شہریوں کو حاصل ووٹ کا حق ہے جس کی مدد سے عوام اپنی پسند کے حکمران کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ملک کا ہر وہ شہری جس کی عمر 18سال ہوچکی ہے وہ فہرست رائے دہندگان میں شمولیت کے لیے فارم 6کے ادخال کو لازمی بنائیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ویب سائٹ پر راست درخواست دی جاسکتی ہے یا شخصی طور پر درخواست فارم پر کرکے مقامی آرڈی او آفس میں بھی فارم داخل کیے جاسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار مسٹر رمیش بابو آرڈی او ظہیر آباد نے گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں طلباء میں ووٹ سے متعلق شعور بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسٹر رمیش بابو نے کہا کہ درخواست فارم کے ساتھ عمر کا صداقت نامہ آدھار کارڈ اور رہائشی پتے کا صداقت نامہ اور تازہ رنگین پاسپورٹ سائز فوٹو منسلک کرنا ہوگا۔ اس ماہ کی8تاریخ سے قبل درخواستیں داخل کرنے ہوں گے۔ ووٹر شعور بیداری کا یہ پروگرام شعبہ سیاسیات گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد غوث صدر شعبہ سیاسیات نے آرڈی او مسٹر رمیش بابو کا خیر مقدم کیا۔ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی پرنسپل کالج نے کہا کہ تمام ہندوستانی شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حق رائے دہی سے استفادے کے لیے اپنا نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کریں۔ کالج کے طلباء کے لیے اس ضمن میں کالج میں ہیلپ ڈیسک قائم کیا جارہا ہے طلباء سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ خانہ پری کے بعد درخواست فارم کالج میں بروز پیر داخل کریں۔ اور اس ضمن میں اپنے سماج میں بھی شعور بیداری کریں۔ ڈاکٹر سریندر
لیکچرر سیاسیات نے اظہار تشکر پیش کیا۔ شعبہ سیاسیات کی جانب سے آر ڈی او رمیش بابو کی شال پوشی کی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button