ایجوکیشن

اردو یونیورسٹی میں ایل ایل بی کورس کا آغاز

عثمانیہ یونیورسٹی میں اردو ذریعہ تعلیم کی مسدودی کے 74 برس بعد اب اردو یونیورسٹی میں ایل ایل بی

حیدرآباد، 30 اپریل (پریس نوٹ) دنیا کی سب سے پہلی اردو یونیورسٹی یعنی جامعہ عثمانیہ کے آغاز سے لے کر 1950ءتک قانون کی تعلیم (ایل ایل بی) اردو میڈیم سے دی جاتی رہی تھی۔ جامعہ عثمانیہ سے اردو میڈیم میں قانون کی تعلیم مسدود ہونے کے پورے 74 برس بعد مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو اس بات کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے کہ نئے تعلیمی سال 2024 سے اردو میڈیم کے طلبہ اب قانون کی تعلیم بھی اردو میں حاصل کرپائیں گے۔ وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے اس تعلق سے باضابطہ اعلان کیا ہے۔

پروفیسر تبریز احمد، ڈین اسکول برائے قانون کے مطابق قانون میں کیریئر جہاں آپ کو معاشی استحکام بخشتا ہے وہیں سماج میں آپ کو اثر انداز ہونے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ قانون کی تعلیم کے ذریعہ طلبہ، متنوع صلاحیتوں کو فروغ دے سکتے ہیں جو نہ صرف قانون میں بلکہ دیگر میدانوں میں ان کی مدد کرتے ہیں۔ قانون کی تعلیم طلبہ میں جہاں تجزیہ کی مہارت کو فروغ دیتی وہیں اپنے سوچنے سمجھنے کے طریقہ پر بھی بامعنی اثر پیدا کرتی تاکہ اصل کام کے دوران سماج کے مفادات کو ملحوظ رکھا جائے۔ قانونی ماہرین کو آج مختلف مواقع دستیاب ہیں جیسے وہ غیر سرکاری اداروں، سرکاری اداروں کے علاوہ انسانی حقوق کے اداروں، تھنک ٹینکس، تحقیقی اداروں، صنعتی و ٹیکنالوجی اور لاءفرمس، تجارت اور سرمایہ کاری، لیگل پراسس آﺅٹ سورسنگ (ایل پی اوز)، قومی و بین الاقوامی کمپنیوں اور کارپوریشنوں میں اِن ہاﺅس کونسل میں کام کرسکتے ہیں۔

پروفیسر تبریز احمد نے مزید بتایا کہ قانونی ماہرین کی بڑھتی ضرورت کے پیش نظر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں اسکول برائے قانون (School of Law) کا آغاز کیا گیا ہے۔ اسکول کے تحت 5 سالہ بی اے ایل ایل بی (آنرس)*، تین سالہ ایل ایل بی* کے علاوہ دو سالہ ایم اے (لیگل اسٹڈیز) اور ایک سالہ ایل ایل ایم (6 اسپیشلائزیشنس کے ساتھ) اور پی ایچ ڈی (قانون) پروگراموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ (* بی اے ایل ایل بی اور ایل ایل بی میں داخلے بار کونسل آف انڈیا کی منظوری پر دیئے جائیں گے۔ بار کونسل نے یونیورسٹی کا معائنہ کرلیا ہے امید ہے کہ جلد ہی منظوری مل جائے گی۔)

بی اے ایل ایل بی ، ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کے لیے آن لائن فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ20 مئی 2024 ہے۔ جبکہ ایم اے لیگل اسٹڈیز کے لیے درخواستیں 30 جون تک داخل کی جاسکتی ہیں۔ مزید تفصیلات کے لیے 8755929751 یا 7289933715 سے حاصل کی جاسکتی ہیں یا [email protected] پر ای میل کیا جاسکتا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button