جنرل نیوز

حافظ الہند کا خطاب اور عالمی مسابقہ قرآن دبئی کے لئے ہندوستانی نمائندہ کا انتخاب

حیدرآباد ۔ دبئی کے عالمی مسابقہ حفظ قرآن کی تاریخ قریب آرہی ہے اور دنیا بھر کے مختلف ممالک کے حفاظ کرام تیاریوں میں لگے ہیں۔ ضرورت تھی کہ ہندوستان کی نمائندگی کے لئے ایک حافظ کا انتخاب عمل میں آئے۔ ہندوستان کے ریاست کیرالا کے شہر کالیکٹ میں واقع تجوید وقراءات کے قدیم مرکز المرکز الفاروقی نے یہ ذمہ داری اپنے سر لی اور بخوبی اسے نبھایا۔ خصوصا شیخ القراء المجود حضرت عبد الرزاق الفرقانی بانی المرکز الفاروقی کی سرپرستی اور حضرت قاری عبد المجید ضیائی صاحب میسور کی نگرانی میں یہ انتخابی کاروائی عمل میں آئی۔

 

مختلف مراحل پر مبنی یہ انتخابی کاروائی ۲۱ نومبر ۲۰۲۴ کو شروع ہوئی۔ ملک کے مختلف خطوں میں جدید ذرائع ابلاغ کو استعمال میں لاتے ہوئے اس انتخابی مسابقہ کی اطلاع کردی گئی۔ یہ مسابقہ کل چھ مراحل پر مبنی تھا ، تقریبا دیڑھ مہینہ جاری رہا اور سیمی فائینل تک آن لائن منعقد ہوتا رہا۔ پہلے مرحلہ میں پورے ہندوستان سے ۵۵۰ سے کچھ زائد فون کال موصول ہوئے ۔ دوسرے مرحلہ میں ۲۲ ریاستوں ۱۱۷ مساہمین نے اپنے نام رجسٹر کروائے ۔

 

تیسرے مرحلہ میں ۱۸ ریاستوں کے ۷۸ مساہمین کو منتخب کیا گیا۔ چوتھے مرحلہ میں ۱۵ ریاستوں کے ۴۷ مساہمین کا انتخاب ہوا۔ پانچواں مرحلہ یعنی سیمی فائنل میں ۱۲ ریاستوں کے ۱۸ مساہمین نے اپنا مظاہرہ کیا اور اخیر مرحلہ یعنی گرانڈ فنالے کے لئے کُل چھ ریاستوں سے چھ مساہمین کو منتخب کیا گیا۔ گرانڈ فنالے بروز جمعرات ۲۹ جمادی الثانی ۱۴۴۵ھ المطابق ۱۳ ڈیسمبر ۲۰۲کیلیکٹ کے نیو کاسل آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ مسابقہ میں ہر مساہم کو کل پانچ سولات کئے گئے، تین سوالات حفظ کے، ایک متشابھات کا اور ایک آیت مسئولہ کی شناخت کا۔ لجنۃ التحکیم چار حکم حضرات پر مشتمل تھی۔ دبئی کی مسجد شیخ زاید کے سابق مؤذن ونائب امام قاری احمدنسیم، قاری مصطفی الفرقانی، قاری مدثر صاحب اور حضرت حافط سراج الدین عمری نے حکم کے فرائض بخوبی انجام دئیے۔

 

 

حیدرآباد کے حافظ محمد شعیب شرف الدین ابن ڈاکٹر حافط قاری محمد نصیر الدین منشاوی نے انعام اول حاصل کیا اور “حافظ الہند” کے خطاب سے نوازے گئے، کیرالا کے حافظ انس مالک نے انعام دوم حاصل کیا اور بھٹکل کرناٹک کے حافظ نبیغ نے انعام سوم حاصل کیا۔ گجرات کے کمسن حافظ محمد بن یحیی، بھوپال کے حافظ طیب انصاری اور راجھستان کے حافظ ثمامہ کو بھی انعامات پیش کئے گئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button