تلنگانہ

موجودہ پارلیمانی انتخابات مسلمانوں کی بقاء۔تحفظات اور دستور ہند کی حفاظت کیلئے اہمیت کے حامل :محمد علی شبیر

موجودہ پارلیمانی انتخابات مسلمانوں کی بقاء۔تحفظات اور دستور ہند کی حفاظت کیلئے اہمیت کے حامل

حکومتی مشیر محمد علی شبیر کا مسلمانوں کے خصوصی اجلاس سے خطاب۔کانگریس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل

 

نظام آباد:3/مئی (اردو لیکس)حکومتی مشیر محمد علی شبیر نے نظام آباد میں سینئر سٹیزنس و مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے قوم و ملت کا درد رکھنے والے غیور مسلمانوں سے کہاکہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کسی طرح کی بھی لاپرواہی کو تاہی و تساہلی کے بغیر موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کانگریس پارٹی کے نظام آباد پارلیمانی امیدوار ٹی جیون ریڈی کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے

 

منتخب کریں اور دینی، ملی، سماجی ذمہ داری کو ادا کریں۔ محمد علی شبیر حکومتی مشیر آج نوجوان حرکیاتی کانگریس قائد سٹی کانگریس کمیٹی نائب صدر محمد افتخار احمد این آر آئی کی قیام گاہ واقع ڈویژن نمبر52ہاشمی کالونی نظام آباد میں منعقدہ مسلمانوں کے سنجیدہ فکر مند مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے حضرات کے خصوصی اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔

 

حکومتی مشیر محمد علی شبیر نے کہاکہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات نہ صرف ملک کیلئے بلکہ مسلمانوں کے لئے بھی بڑی ہی اہمیت کے حامل انتخابات ہیں جس میں موجودہ بی جے پی حکمران اور وزیر اعظم نریندر مودی مسلمانوں کے ساتھ حق تلفی و ناانصافی اور تحفظات سے محروم کرنے کے ساتھ ساتھ جمہوری دستور ہند کی تبدیلی و ترمیم کے ناپاک عزائم و منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے یہ پارلیمانی انتخابات ہر سیکولر ذہن کے حامل عوام اور مسلمانوں کی بقاء کیلئے اہمیت کے حامل ہے۔ محمد علی شبیر نے وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان کہ ”مسلمانوں کو تحفظات سے محروم رکھنے کیلئے اپنے ناپاک عزائم کا جس طرح سے اظہار کیا ہے

 

اس پر شدید تنقید کی اور تشویش کا اظہار کیا کہ اگر مسلمان متحدہ طورپر کانگریس کے امیدوار کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں مسلمانوں کے ووٹ کسی کے بہکاوے میں یا کسی لالچ میں یا رقمی معاملات کرنے میں ووٹ کی تقسیم کی گئی تو مسلمانوں کا اتنا بڑا ناقابل تلافی نقصان ہوگا جس کا مسلمان تصور بھی نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ آندھراپردیش میں چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں مسلمانوں کو 4%فیصد تحفظات عطا کرتے ہوئے فائدہ پہنچانے کے تعلق سے ناقابل بیان رکاوٹیں پیش آئی تھی

 

لیکن اللہ کا کرم یہ رہا کہ کانگریس پارٹی نے مسلمانوں کو 4%فیصد تحفظات کو یقینی بناتے ہوئے گذشتہ 20سالوں سے فائدہ پہنچایا جارہا ہے جس کی وجہہ سے لاکھوں مسلم نوجوان لڑکے، لڑکیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں۔ حکومتی مشیر محمد علی شبیر نے مسلمانوں، مسلم قائدین و کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پچھلے اسمبلی انتخابات میں نظام آباد کانگریس امیدوار کو متحدہ ووٹ دینے میں ناکام رہے اوربعض سیاسی مفاد پرست قائدین کی رقمی لالچ کے عوض مسلمانوں کے ووٹوں کی تقسیم کی گئی جس کی وجہہ سے بی جے پی امیدوار نظام آباد سے منتخب ہوگئے جبکہ نظام آباد اربن حلقہ اسمبلی سے میری (محمد علی شبیر) کامیابی یقینی تھی۔

 

انہوں نے کہاکہ اس طرح کے مسلمانوں کے ووٹوں کو تقسیم کو روکنے کیلئے ہر بلدی ڈویژن میں ذمہ دار احباب مساجد کمیٹیاں اپنے اپنے گھروں کے علاوہ، اپنے گھر اطراف رہنے والوں کے ووٹوں کو ڈلوانے کی کی فکر کریں اور صد فیصد پولنگ کروائیں دیگر ڈویژنوں، دیگر علاقوں میں رائے دہی کی فکر قطعی نہ کریں اور نہ ہی اپنے فرائض کو فراموش کریں۔

 

محمد علی شبیر حکومتی مشیر نے ملت اسلامیہ سے درد مندانہ اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس امیدوار کے حق میں ووٹ کا استعمال کرکے اپنا دینی ملی، سماجی فریضہ ادا کریں۔ اس خصوصی اجلاس میں کانگریس قائدین سٹی کانگریس نائب صدر محمد افتخار احمد این آر آئی، سید نجیب علی، اشفاق احمد خان، سمیر احمد، جاوید اکرم کے علاوہ سینئر سٹیزنس، معززین شہر، موظف سرکاری ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ بعد ازاں کانگریس قائد نائب صدر سٹی کانگریس کمیٹی محمد افتخار احمد این آر آئی نے محمد علی شبیر اور نظام آباد کانگریس پارلیمانی امیدوار مسٹر ٹی جیون ریڈی کی شالپوشی کرتے ہوئے شاندار تہنیت پیش کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button