انٹر نیشنل

ریاض میں 30 روزہ کھجور فیسٹول کا آغاز

ریاض ۔ کے این واصف

موسم گرما جب شباب پر آتا ہے تب کھجور کی فصل کٹتی ہے اور سعودی کے مختلف شہروں میں کھجور کے فسٹیول منعقد کئے جاتے ہیں۔ سعودی دارالحکومت ریاض میں کھجورفیسٹول کا آغاز ہو گیا۔ ریاض اوردیگر شہروں سے بڑی تعداد میں کھجور کے ماہرین اورشائقین شرکت کررہے ہیں۔ سبق نیوز کے مطابق فیسٹول کا انعقاد قصیم میونسپلٹی نے ریاض گورنریٹ اورمیونسپلٹی کے تعاون سے شروع کیا ہے۔ فیسٹول 30 دن تک جاری رہے گا۔ فیسٹول میں زرعی ماہرین اور گھریلو سطح پرکھجور سے مختلف اشیا تیار کرنے والے افراد شریک ہیں۔

 

 

 

 

فیسٹول کے پہلے روز بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اوراس اقدام کوپسند کیا۔  مختلف نوعیت کی سرگرمیاں بھی پیش کی جارہی ہیں تاکہ ہرطبقہ فکر کے افراد اس سے مستفیض ہوسکیں۔حکومتی اداروں کے علاوہ سماجی اورفلاحی تنظیموں کی جانب سے بھی پذیرائی کی جارہی ہے۔  درین اثنا بتایا گیا ہے کہ مدینہ منورہ ریجن نے 62 لاکھ کلو گرام سے زیادہ تازہ کھجوریں مارکیٹ میں فراہم کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

 

 

 

 

سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت ماحولیات و زراعت و پانی مدینہ شاخ نے رپورٹ میں بتایا کہ مقامی شہری، مقیم غیرملکی، حجاج اور عمرہ زائرین کی جانب سے تازہ کھجوروں کی خریداری میں دلچسپی بڑھتی جارہی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ 19 جولائی تک کھجوروں کی سینٹرل مارکیٹ میں 62 لاکھ 7 ہزار 843 کلو گرام تازہ کھجوریں فروخت ہوچکی ہیں۔  رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ دس روز کے دوران مدینہ کی مارکیٹ میں 34 لاکھ 53 ہزار362 کلو گرام تازہ کھجوریں فروخت کی گئی ہیں۔ ان میں الروثانہ کھجور سرفہرست ہے۔ یہ 30 لاکھ47 ہزار107 کلو گرام فروخت ہوچکی ہیں۔

 

 

 

الربیعہ کھجور156020 کلو گرام فروخت ہوئی ہے۔ عجوہ تیسرے نمبر پر ہے یہ 160000 کلوگرام فروخت کی جا چکی ہے۔ البیض، الحلیہ اور السکری بھی پسند کی جارہی ہیں۔ یہ 40 ہزار کلو گرام سے زیادہ فروخت ہوچکی ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ تازہ کھجوروں کا موسم دو ماہ تک چلے گا۔ مدینہ منورہ ریجن میں کھجوروں کے 26 ہزار باغ ہیں ان میں تقریبا پچاس لاکھ درخت ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button