انٹر نیشنل

زائرین مکہ کے لئے جبل ثور کلچرل سینٹر کا قیام

ریاض ۔ کے این واصف

مکہ مکرمہ کے زائرین کے لئے جبل نور کے بعد جبل ثور سنٹر کا قیام، مہمانان رب العزت کے لئے ایک اور متبرک مقام کے زیارت کا اہتمام۔ سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے سرکاری اداروں نے زائرین کے لیے جبل ثور کلچرل سینٹر قائم کیا ہے۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ سے مدینہ ہجرت کے موقع پر اس غار میں قیام کیا تھا۔

العربیہ نیٹ کے مطابق حج و عمرے یا زیارت کے لیے آنے والے مکہ مکرمہ میں قیام کے دوران ایسے اہم تاریخی مقامات پر جانے کا پروگرام ضرور بناتے ہیں جن کا تعلق اسلام کے ابتدائی عہد سے ہو۔ ان میں غار ثور کا نام نمایاں ہے جسے اسلامی تاریخ اپنے صفحات میں محفوظ کیے ہوئے ہے۔ غار ثور آنے والے تاریخ کے اس یادگار مقام کو دیکھنا چاہتے ہیں جہاں سے اسلامی تاریخ کی شروعات ہوئی وہ یہاں تصاویر بنا کر اپنی زیارت کو یادگار بنانے کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ رائل کمیشن سمیت متعدد سرکاری اداروں نے جبل ثور کو کلچرل سینٹر اور سیاحتی مرکز میں تبدیل کر دیا ہے۔

جبل ثور کلچرل ڈسٹرکٹ کے مطابق کہ مکہ مکرمہ کا جبل ثور اور غار ثور سیرت طیبہ کے اہم واقعے سے نسبت کے باعث عظیم تاریخی حیثیت کا مالک ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں پیغمبر اسلام اور ابوبکر صدیق نے مکہ سے مدینہ ہجرت کے موقع پر تین راتیں گزاری تھیں۔ جبل ثور مکہ مکرمہ کے جنوب مشرق اور مسجد الحرام سے تقریباً چار کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ غار ثور پہاڑ کے اوپر کمرہ نما چٹان ہے۔ جبل ثور کلچرل ڈسٹرکٹ ایک لاکھ 27 ہزار مربع میٹر میں قائم کیا گیا ہے۔ یہاں مقامی باشندوں اور عمرہ و حج پر آنے والے زائرین کے لیے متعدد ثقافتی اور سیاحتی پرکشش عمارتیں بنائی گئی ہیں۔

جبل ثور کلچرل ڈسٹرکٹ میں زائرین کے لیے استقبالیہ مرکز ہے۔ یہاں ھجرہ مبارکہ عجائب گھر ہے جس میں پیغمبر اسلام کی مکہ سے مدینہ ہجرت کی کہانی عجائب گھر کے طرز پر اجاگر کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے کام لیا گیا ہے۔ ھجرہ نبویہ کی کہانی اور اس کے اہم واقعات نمایاں کیے گئے ہیں۔

جبل ثوراورغارثور کا تعارف رنگ و نور کے مناظر کی مدد سے کرایا گیا ہے۔ یہاں ’محمد رسول اللہ‘ عجائب گھر بھی ہے۔ جس میں پیغمبر اسلام کی سیرت طیبہ اور پیدائش سے لے کر وفات تک زندگی کے ہر مرحلے کو جدید ترین ٹیکنالوجی اور وضاحتی ماڈلز کے ذریعے نمایاں کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button