تلنگانہ

چند گھنٹوں کے وقفے میں دو جوان بھائیوں کی ہارٹ اٹیک سے موت _ تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں افسوسناک واقعہ

جگتیال _   8 جنوری ( اردولیکس) چند  گھنٹوں کے وقفے میں دو جوان بھائیوں کی ہارٹ اٹیک سے موت ہوگئی ۔ یہ افسوسناک واقعہ تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے میٹ پلی میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق 32 سالہ  بھوگا سرینواس جو حیدرآباد میں سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرتا تھا ہفتہ کی رات 12 بجے کے قریب  دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا ۔ اس کی آخری رسومات کے لئے آبائی شہر میٹ پلی لایا گیا اور اس کی آخری رسومات کے انتظامات کئے گئے۔

 

سرینواس کی آخری رسومات ادا کرنے اتوار کی دوپہر شمشان گھاٹ لے جایا جا رہا تھا کہ سرینواس کے بڑے بھائی 35 سالہ بھوگا سچن  شمشان گھاٹ کے قریب دل کا دورہ پڑنے سے گر گیا ۔ اس کے ساتھ ہی گھر والے اور رشتہ دار اسے لے کر میٹ پلی کے کئی خانگی  ہاسپٹل میں جانے کے باوجود اتوار کا دن ہونے کی وجہ سے ایک ہاسپٹل  میں بھی ڈاکٹر دستیاب نہیں تھے۔ آخر کار اسے میٹ پلی کے سرکاری ہاسپٹل لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کیا اور تصدیق کی کہ اس کی موت ہوچکی ہے۔

یہ سن کر گھر والوں کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔ چھوٹے بھائی کی آخری رسومات ادا کرنے کے کچھ دیر بعد بڑے بھائی کی آخری رسومات انجام دی گئیں۔ بھوگا ناگابھوشنم کے تین بیٹے تھے۔ بڑا بیٹا سچن کورٹلہ میں کوآپریٹیو سوسائٹی بینک میں پرائیویٹ ملازم کے طور پر کام کر رہا تھا ۔ اس کی ابھی تک کوئی اولاد نہیں ہے۔ اس کے چھوٹے بھائی بھوگا سرینواس کا 15 ماہ کا بچہ ہے۔ یہ دونوں اب نہیں رہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button