تلنگانہ

وزیر کے ٹی آر کو راہول گاندھی کی یاترا پر تنقید کرنے کا حق نہیں: محمد علی شبیر

حیدرآباد _ 8 اکتوبر ( اردولیکس) کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر محمد علی شبیر نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا پر تنقید کرنے پر ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر اور وزیر کے تارک راماراو  کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کے ٹی آر کو  ایسے لیڈر کے بارے میں بات کرنے کا کوئی  حق نہیں ہے جو ملک کو متحد کرنے کی کوشش کررہے ہیں

 

ہفتہ کو گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شبیر علی نے کہا کہ کے ٹی آر یا دیگر ٹی آر ایس قائدین بھارت جوڑو یاترا کے مقصد  اور اہمیت کو کبھی نہیں سمجھ سکتے جس کا مقصد قوم کو نفرت اور تقسیم کی سیاست کے خطرات سے بچانا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کے ٹی آر نہ تو تفرقہ انگیز سیاست کے خطرات کو محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور نہ ہی وہ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف اتحاد کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ ٹی آر ایس قائدین انتخابات اور انحراف سے آگے نہیں سوچ سکتے۔

 

کے ٹی آر کے مرکز کی بی جے پی حکومت پر ان کا فون ٹیپ کرنے کے الزام پر ردعمل دیتے ہوئے شبیر علی نے کہا کہ ٹی آر ایس وہی دوا چکھ رہی ہے جو اس نے تلنگانہ میں اپوزیشن لیڈروں کو دی تھی۔ "ٹی آر ایس حکومت نے غیر قانونی فون ٹیپنگ کا سہارا لیا اور اپوزیشن لیڈروں، خاص طور پر کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والوں کی سرگرمیوں کی جاسوسی کی۔ حالات اتنے خراب تھے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کچھ وزراء سمیت ٹی آر ایس قائدین پر کڑی نظر رکھی۔

 

شبیر علی نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز لگتا ہے جب کے ٹی آر پیگاسس سافٹ ویئر کے ذریعہ مرکز کی بی جے پی حکومت پر  فون ٹیپ کرنے کی شکایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس خاموش تماشائی بنی رہی جب کانگریس نے پیگاسس مسئلہ پر مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت کے خلاف سخت احتجاج درج کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے کھل کر بی جے پی حکومت کی حمایت کی جب پوری اپوزیشن نے غیر قانونی فون ٹیپنگ پر اعتراض کیا

 

کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ چیف منسٹر کے سی آر تھے جنہوں نے جمہوریت کا مذاق اڑایا اور تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر ارکان اسمبلی کا انحراف کرکے آئین کی توہین کی۔ ممبران پارلیمنٹ سے لے کر سرپنچوں تک کے سی آر نے سینکڑوں منتخب نمائندوں کو پیسے، عہدوں اور دیگر فوائد کے لیے ٹی آر ایس میں شامل کرلیا ۔ درحقیقت بی جے پی کو منتخب نمائندوں کو وفاداریاں بدلنے کے لیے ٹی آر ایس سے تحریک ملی۔ آج دونوں پارٹیاں منحرف ہونے والوں کی وجہ سے بچ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کابینہ میں زیادہ تر وزراء کا تعلق اصل ٹی آر ایس سے نہیں ہے اور وہ کانگریس یا ٹی ڈی پی سے آئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ وزیر کے ٹی آر یا یہاں تک کہ چیف منسٹر کے سی آر کو اخلاقی سیاست پر بات کرنے سے روکنا چاہئے۔

 

انہوں نے الزام لگایا کہ پی ایم مودی دہلی میں سلطان (بادشاہ) کی طرح حکومت کر رہے ہیں اور کے سی آر تلنگانہ کے سلطان کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں۔

 

آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے مسجد اور مدرسہ کے دورے پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شبیر علی نے کہا کہ آر ایس ایس لیڈروں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ تمام شہریوں کو، ان کے مذہب یا ذات سے قطع نظر، ہندوستان کے آئین کے مطابق مساوی حقوق اور اختیارات حاصل ہیں۔ تاہم، آر ایس ایس لوگوں کے درمیان ان کے مذہب کی بنیاد پر نفرت اور تقسیم کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات یہ لوگوں کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانے کے لیے ڈرامے بناتے ہیں

 

اس سے پہلے دن میں، شبیر علی نے گاندھی بھون میں اے آئی سی سی کے صدارتی امیدوار ملکارجن کھرگے کے ساتھ ایک میٹنگ سے بھی خطاب کیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شبیر علی نے کہا کہ کھرگے کا تعلق گلبرگہ سے ہے اور انھوں نے حیدرآباد میں تعلیم حاصل کی تھی۔ اس لیے ان کے تلنگانہ کانگریس قائدین سے قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹی پی سی سی کے تقریباً تمام مندوبین کھرگے کو ووٹ دیں گے تاکہ انہیں اے آئی سی سی کا نیا صدر منتخب کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button