اسپشل اسٹوری

82 سالہ پاکستانی چرواہا عبدالقادر مری کی عمرہ کی ادائیگی کے دوران مسجد نبوی میں خصوصی مذہبی لبادہ اوڑھ کر ادھر ادھر گھومنے والی ویڈیو وائرل

نئی دہلی: عمرہ کی ادائیگی کے دوران خصوصی مذہبی لبادہ اوڑھنے کے باعث سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے بزرگ پاکستانی عبدالقادر مری عمرہ ادا کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ان کے ویڈیو کو ہزاروں لوگوں بالخصوص سعودی شہریوں نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر شیر کیا جس کو لاکھوں افراد نے دیکھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال عمرہ کی ادائیگی کے دوران خصوصی مذہبی لبادہ اوڑھنے کے باعث وائرل ہونے والے بزرگ شخص عبدالقادر مری پاکستانی ہیں۔ وہ کراچی سے متصل بلوچستان کے حب شہر کے رہائشی ہیں۔

عبدالقادر عمرہ کے بعد کراچی پہنچ گئے۔ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کے عزیز و اقارب اور دوستوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔

ننگے پاؤں اور کمزور قدم ، اپنی پگڑی پر ململ کے لمبے کپڑے کے ساتھ، ہاتھ میں عصا لئے مدینہ منورہ کی مسجد نبوی میں گھومنے والے بزرگ پاکستانی چرواہے عبدالقادر مری کی ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر ایک غیر متوقع سنسنی بن گئی ہے ان کی ویڈیو وائرل ہو نے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مشیر ترکی الشیخ نے پوچھا کہ ان سے رابطہ کیسے کیا جائے۔

عرب لوگوں نے لکھا ہے کہ ان بزرگ کی داڑھی ، پگڑھی ، عصا ،، چادر لینے کا انداز اور سادگی ایسی ہے کہ جیسے یہ بزرگ صحابہ کرام کے دور سے لوٹ کر آئے ہوں ،

82 سالہ عبدالقادر مری جو  عمرہ ادا کرنے کے بعد بلوچستان کے شہر حب کے گاؤں گوٹھ حاجی رحیم میں اپنے گھر واپس چلے گئے ان کے پاس ایک فون بھی نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عبدالقادر مری نے عمرہ کرنے کے لیے 15 سال کی بچت کی تھی اور پہلی بار انھوں نے اپنی وائرل ویڈیو اپنی جھونپڑی میں عرب نیوز کو انٹرویو دینے کے دوران دیکھی۔

عبدالقادر مری نے انٹرویو میں کہا کہ "کعبہ میں، میں نے دعا کی: ‘اے اللہ، میں اس جگہ کو نہیں جانتا، لہذا آپ میرے رہنما ہیں، میرا یہاں کوئی رہنما نہیں ہے، اگر میں صحت مند نہیں ہوں تو یہ جگہ میرے لیے بہتر ہے، میں اس جگہ کو نہیں جانتا۔ اور میری نظر کمزور ہے۔ میری رہنمائی کرو کیونکہ تم میرے واحد رہنما ہو۔

انھوں نے کہا کہ "مجھے ایسا لگتا ہے کہ میری تمام پریشانیاں ختم ہو گئی ہیں۔ میرا دل مطمئن ہے، مجھے رزق کی بھی کمی نہیں ہے، میں خوش ہوں، میری روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور مکہ مکرمہ کی زیارت کی خواہش پوری ہو گئی ہے۔”

عرب سوشل میڈیا صارفین ان کی شکل دیکھ کر متاثر ہوئے، کچھ نے اس کی سادگی اور عاجزی کا موازنہ مشہور اسلامی شخصیات سے کیا۔عمرہ کی ادائیگی کے اپنا خواب پورا کرنے کے لیے انھوں نے بکریوں کو بیچ دیا۔

اسی دوران بلوچستان کے وزیر اعلی کے ترجمان بابر یوسفزائی نے عبدالقادر مری کو اپنے ذاتی خرچ سے اس سال حج کو بھیجنے کا اعلان کیا ہے 

متعلقہ خبریں

Back to top button