انٹر نیشنل

سعودی عرب نے غزہ کی صورتحال پر او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس بدھ کو طلب کرلیا

ریاض ۔ واصف

غزہ کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ جس تیزی سے حالات بگڑ رہے ہیں ان پر قابو پانے کوششیں اتنی تیز نظر نہیں آتیں۔ اس سلسلہ میں ایک اور امید کی کرن نظر آئی وہ یہ کہ اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) کی ایگزیکٹیو کمیٹی بدھ کو جدہ میں ایک غیر معمولی اجلاس میں غزہ کی صورتحال کا جائزہ لے گی۔

 

سعودی عرب نے اجلاس اوآئی سی کے موجودہ سیشن کے سربراہ اور او آئی سی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سےغزہ اور گرد ونواح میں فوجی کشیدگی، شہریوں اور علاقائی سلامتی واستحکام کو لاحق خطرات پر تبادلہ خیال کےلیے ’اوپن اینڈڈ‘ وزارتی اجلاس طلب کیا ہے۔

 

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ایگزیکٹیو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس آئندہ بدھ کو جدہ میں او آئی سی جنرل سکریٹریٹ میں ہوگا‘۔الشرق الاوسط کے مطابق او آئی سی غزہ اور اس کے نواح میں عسکری کارروائیوں اور بڑھتی کشیدگی کا جائزہ لے گی جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرے کا باعث بن رہی ہے۔

 

قبل ازیں او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے ایک بیان میں غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کی مذمت کا اعادہ کیا جس میں سیکڑوں فلسطینی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔ او آئی سی نے اسرائیل کو بین الاقوامی قراردادوں کو نظر انداز کرنے کا ذمہ دار ٹھرایا ہے۔او آئی سی نےعالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کی کہ ’وہ اسرائیلی جارحیت بند کرانے، فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے اور اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کے لیے ٹھوس سیاسی عمل کی سرپرستی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے‘۔

 

’خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کے سلسلے میں اقدامات کیے جائیں‘۔  او آئی سی نے سلامتی کونسل سے کہا کہ ’وہ عرب امن فارمولے اور بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کے تصور کی بنیاد پر جامع اورمنصفانہ امن قائم کرائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button