تلنگانہ

حیدرآباد میں گنیش وسرجن کا عمل پر امن طور پر جاری۔ بالاپور گنیش پرانے شہر سے گزر گیا

حیدرآباد: حیدرآباد میں گنیش وسرجن کا عمل پر امن طور پر جاری ہے، خاص طور پر خیرت آباد علاقے میں بٹھائی گئی بڑی گنیش کی مورتی کا دوپہر سے پہلے ہی وسرجن ہو گیا تھا، جبکہ پرانا شہر کے بالا پور سے نکالی جانے والی گنیش کی مورتی سہ پہر کے قریب تاریخی مکہ مسجد اور چار مینار کے پاس سے گزر گئی۔

 

رات 10 بجے تک موصولہ اطلاعات کے مطابق دیگر مورتیوں کا جلوس پرانے شہر میں جاری ہے اور جلوس اس وقت ناگل چنتا کے پاس ہے۔ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ کچھ ہی دیر میں یہ جلوس پرانے شہر سے گزر جائے گا۔ سٹی پولیس کی جانب سے گنیش وسرجن کے لیے سخت ترین صیانتی انتظامات کیے گئے۔

 

ریاستی وزراء اور ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے فضائی سروے کرتے ہوئے جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ حیدراباد کے کمشنر پولیس سی وی آنند راست طور پر جلوس کی نگرانی کر رہے تھے۔ خاص طور پر حساس علاقوں میں پولیس کے زائد دستوں کو متعین کیا گیا تھا۔ سٹی پولیس کے علاوہ ریاستی پولیس کے دستوں اور ریاپڈایکشن فورس کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں۔

 

گنیش جلوس جن راستوں سے گزر رہا تھا ان راستوں پر بیریکیڈس لگائے گئے تھے۔ جلوس کے گزرنے کے بعد بیریکیڈس ہٹا کر راستے کھول دیے گئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گنیش مورتیوں کے وسرجن کا عمل جمعہ کی دوپہر تک جاری رہ سکتا ہے۔

 

گنیش جلوس کے دوران آج بارش بھی ہوئی بارش کے دوران کچھ دیر کے لیے افرا تفری مچ گئی تھی تاہم جلوس حسب معمول جاری رہا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button