نیشنل

اداکارہ جیہ پرادا کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

لکھنو _ 22 دسمبر ( اردولیکس ڈیسک) اترپردیش میں رام پور کی  ایم پی اور ایم ایل اے کے کیسوں کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے دو مقدمات کی سماعت کے دوران عدالت میں حاضر نہ ہونے پر اداکارہ اور رام پور کی سابق رکن پارلیمنٹ جیہ پردا کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔

 

رام پور عدالت کے سرکاری وکیل امرناتھ تیواری نے بتایا کہ سماعت کے دوران سابق رکن پارلیمنٹ اور اداکارہ جیا پردا کی مسلسل غیر حاضری سے عدالت بہت برہم  تھی۔ اسی وجہ سے عدالت نے سابق رکن پارلیمنٹ کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سماعت کے دوران عدالت نے رام پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو جے پردا کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت  9 جنوری مقرر کی گئی ہے۔

سال 2019 میں سابق ایم پی جیہ پردا کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے دو الگ الگ کیس درج کیے گئے تھے۔ پہلا مقدمہ 18 اپریل 2019 کو رام پور کے کیمری پولیس اسٹیشن  کے تحت آنے والے  گاؤں پپریا مشرا میں منعقدہ ایک جلسہ عام میں درج کیا گیا تھا، جسے ویڈیو سرویلنس ٹیم کے انچارج کلدیپ بھٹناگر نے درج کیا تھا۔ دوسرا مقدمہ 19 اپریل 2019 کو فلائنگ اسکواڈ مجسٹریٹ نیرج کمار کے ذریعہ درج کیا گیا تھا جب سوار پولیس اسٹیشن علاقہ کے نور پور گاؤں میں ایک سڑک کے افتتاح کا ویڈیو وائرل ہوا تھا۔

 

مقدمات کی سماعت کے دوران عدم پیشی کے باعث عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے پولیس کو سابق رکن پارلیمنٹ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے میں بہوجن سماج پارٹی کے سابق ایم ایل اے علی یوسف اور کانگریس کے سابق ایم ایل اے سنجے کپور کو بھی اسی عدالت نے سزا سنائی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button