این آر آئی

عارفہ خانم شیروانی کو “کلدیپ نیّر پترکاریتا سمان”

ریاض ۔ نمائیدہ اردو لیکس

گاندھی پیس فاؤنڈیشن کی جانب سے کلدیپ نیر پترکاریتا سمان برائے سال 2022کے لئے ملک کی بیباک و نڈر صحافی و ایڈیٹر دا وائر ڈاکٹر عارفہ خانم شیروانی کو منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ کلدیپ نیر کی صحافتی خدمات کو خراج اور صحافتی اقدار پر مضبوطی سے قائم رہنے والے ہندوستانی زبان کے صحافی کو دیا جاتا ہے۔ ممتاز ادیب و اسکالر اشیش نندی نے اتوار کو دہلی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس میں اس بات کا اعلان کیا۔ یہی ایوارڈ سال 2021 کے لئے ممتاز آزاد صحافی و یوٹیوبر اجیت انجم کو پیش کیا جائے گا ۔

عوام کی حقیقی نمائندگی کرنے والے دونوں صحافی عارفہ خانم شیروانی اور اجیت انجم سچائی پر مبنی صحافت ، حق گوئی اور حکومت سے سوال کرنے کے لئے جانے جاتے ہیں۔ ممتاز صحافی رویش کمار نے دونوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے فیس بک پر لکھا ہے کہ اس ایوارڈ سے سوشیل میڈیا پر سچی صحافت کرنے والے تمام صحافیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

اس ایوارڈ کا اعلان ایسے وقت ہوا جب عارفہ خانم شیروانی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی المنائی اسوسی ایشن (اموبا) کی دعوت پر یوم سر سید سے خطاب کے لئے ریاض آئی ہوئی تھیں۔ یوم سر سید تقاریب کے دوران ہی اس ایوارڈ کے بارے میں اعلان کیا گیا اور تمام حاضرین نے زبردست تالیوں کی گونج میں انھیں مبارکباد پیش کی۔ صدر اموبا ابرار حسین، تمام عہدیدار و اراکین ، ممتاز تاجر ندیم ترین ، صحافی کے این واصف اور محمد سیف الدین نے کلدیپ نیر ایوارڈ کے اعلان پر عارفہ خانم شیروانی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

صحافی کے این واصف اور محمد سیف الدین نے جناب ندیم ترین کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک تقریب میں عارفہ خانم شیروانی کو اپنی اپنی تصانیف پیش کیں۔ کے این واصف نے خاکوں کا مجموعہ "ذکر یاراں” اور انگریزی کتاب Indian Architectural Heritage جبکہ سیف الدین نے اپنی کتاب Expat Ride انھیں پیش کیں۔رویش کمار نے لکھا کہ یہ ایوارڈس 12 نومبر کو دہلی کے دین دیال اپادھیائے مارگ میں واقع راجندر بھون میں پیش کئے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button