بقرعید کے پیش نظر لاک ڈاون کی پابندیوں میں نرمی۔ کیرالہ حکومت کے فیصلہ پرسپریم کورٹ کی سرزنش

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا کی پابندیوں میں نرمی پر کیرالہ حکومت کی سرزنش کی۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ کیرالہ حکومت کی یہ پالیسی باعث حیرانی ہے کہ اس نے تاجروں کے مطالبہ پر لاک ڈاؤن کے اصولوں میں رعایت دے دی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ کیرالہ حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ کے پیش نظر پابندیوں میں نرمی سے اگر کورونا کے پھیلاؤ کا ایک بھی معاملہ ظاہر ہوتا ہے تو اس کی اطلاع عدالت کو دیں، عدالت اس پر سخت کارروائی کرے گی۔ سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ شہریوں کی زندگی کا خیال کرتے ہوئے کانوڑ یاترا کے معاملہ میں جو حکم دیا گیا ہے کیرالہ حکومت عید الاضحیٰ کے معاملہ میں بھی اس کی پاسداری کرے۔ واضح رہے کہ کیرالہ حکومت نے عید کے پیش نظرلاک ڈاون میں تین دن کی نرمی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔