سیلاب کے متاثرین کے لئے مالی امداد کرنے تنظیم الائمہ والموذنین عادل آباد کی اپیل

تنظیم الائمہ والموذنین عادل آباد کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد اکبرالدین حسامی نے دفتر صفابیت المال پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتہ پہلے ہونے والی بارش نے بہت سے علاقوں میں تباہی مچائی ہے۔ان میں مہاراشٹرا کوکن کے علاقے چپلوں کولھاپور اطراف و اکناف سیلاب سے شدید متاثر ہو گئے ہیں۔جس طرح حیدرآباد میں گذشتہ سال سیلاب سے صورتحال ہوئی تھی اس سے بھی کہیں زیادہ مہاراشٹرا میں صورت حال خراب ہوئی ہے۔ایسے نازک حالات میں ایک مسلمان دوسرے مسلمان کے بھائی ہونے کے ناطے اور اسی طرح انسانیت کے رشتے کی وجہ سے ان کی مدد کرنا ہمارا دینی ملی و ایمانی فریضہ ہے۔مولانا محمد اکبرالدین حسامی نے مزید بتایا کہ صفابیت المال کے مرکزی صدر مولانا غیاث احمد رشادی جو اس وقت مہاراشٹرا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہی کے ذریعہ متاثرہ افراد تک امداد پہنچائی جائے گی۔اسی سلسلہ میں تنظیم الائمہ والموذنین کی نگرانی اور صفابیت المال کے تحت فنڈز جمع کیے جارہے ہیں۔لہذا ہم تمام ذمہ داران تنظیم الائمہ و صفابیت المال عادل آباد شہریان سے دردمندانہ اپیل کرتے ہیں کہ انسانی بنیادوں پر مالی تعاون کے لئے آگے آئیں اور متاثرین کی امداد میں حصہ دار بنیں۔دفتر صفا واقع مسعود چوک پہنچکر رقم جمع کرسکتے ہیں۔اس موقع پر صدر تنظیم الائمہ والموذنین حافظ محمد منظور احمد،صدر صفا مولانا سید مبشر احمد رشیدی،حافظ امجد خان،حافظ شیخ بشیر احمد،حافظ عبدالعزیز،مولانا احمد رمضانی،حافظ سرتاج،مولانا محمد قمر اور دیگر موجود تھے۔