عادل آباد کے رضوان الدین کی نمائندگی پر ہائی ماس لائٹنگ کی تنصیب ۔ عوام و راہگیروں کو راحت

نوجوان کی ستائش ۔ میونسپل کمشنر سے اظہار تشکر

خضر یافعی کی رپورٹ

 

عادل آباد23/ستمبر(اردو لیکس)عادل آباد سے تعلق رکھنے والے رضوان الدین نامی نوجوان کی بروقت سوشل میڈیا پر عوامی مسائل پر مبنی ایک پوسٹ ڈالنے پر انتظامیہ نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کردیا۔تفصیلات کے مطابق رضوان الدین جو سوشل میڈیا پر وقتاً فوقتاً عادل آباد کی ترقی کو لیکر منظر عام پر رہتے ہیں۔انہوں نے عادل آباد کے محلہ خورشید نگر جانے والے راستے کے درمیان جہاں پر کاٹن مارکیٹس موجود ہیں۔

 

وسیع راستے کے درمیان میونسپل کی جانب سے تین ماہ قبل ہائی ماس لائٹنگ کے لئے کھمبوں کی تنصیب عمل میں لائی گئی تھی۔جس سے اطراف و اکناف کی عوام میں خوشی و مسرت دیکھی جارہی تھی تاہم کھمبوں کی تنصیب کے بعد تین ماہ گزرنے کے بعد بھی کھمبوں پر ہائی ماس لائٹنگ نہ لگانے پر رات کے وقت اندھیرا ہونے سے راہگیروں کو کافی مشکلات کا سامنا تھا۔جمعہ کی شب رضوان الدین نے ایک ویڈیو بناکر فیس بک پر اپلوڈ کیا تھا۔جسے جنید احمد نے سوشل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹویٹر پر ضلع کلکٹر اور میونسپل کمشنر کو ٹیگ کرتے ہوئے مذکورہ مسئلہ سے واقف کرواتے ہوئے توجہ دینے کا مطالبہ کیا تھا

 

۔ٹویٹر پر ہی میونسپل کمشنر نے مسئلہ کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔اور ہفتہ کی صبح ہی ہائی ماس لائٹنگ کو لگادیا گیا۔جس سے رات کے وقت خوشنما منظر دیکھنے کو ملا اور راہگیروں کو بھی راحت ملی۔یہاں اس بات کا تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ عادل آباد کے چند حرکیاتی نوجوان جو سوشل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم کے ذریعہ مختلف مسائل کی یکسوئی کے لئے انتظامیہ کو واقف کرواتے رہتے ہیں اور انتظامیہ بھی مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسائل کو حل کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دے رہے ہیں

 

۔رضوان الدین کی اس خدمت پر ستائش کی جارہی ہے۔جو کام عوامی نمائندے بالخصوص متعلقہ وارڈ کونسلرس کو کرنا چاہیے تھا جسے عوام نے اپنے قیمتی ووٹوں کے ذریعہ اپنا لیڈر چنا تھا لیکن وہ لوگ عوامی خدمت میں بہت کم نظر آتے ہیں۔لیکن دوسری جانب بہت سے عوامی نمائندے ایسے بھی ہیں جو عوام کے درمیان میں رہکر عوامی مسائل کو حل کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔انکی بھی خدمات کو جتنا سراہا جائے کم ہے۔