جنرل نیوز

مایوسی،پسماندگی اور احساس کمتری سے باہر نکلنے کا واحد راستہ تعلیم ہے : جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی

 

ممبئی 26؍جون ( پریس ریلیز) مایوسی،پسماندگی اور احساس کمتری سے باہر نکلنے کا واحد راستہ تعلیم ہے،دینی و دنیوی دونوں تعلیم کے حصول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نےکہا کہ مسلمانوں کی ترقی کے لئے دونوں تعلیم کی ضرورت ہے،انہوں نے یہ بات مسجد و مدرسہ اقصیٰ ایجوکیشن ،وانگنی ضلع تھانے میں حاضرین سے خطاب کے دوران کہی ۔

مولانا نے کہا کہ موجودہ حالات میں عصری علوم کے ساتھ ہی دین کی بنیادی باتوں کا علم ہونا بھی انتہائی ضروری ہے ،تاکہ وہ اپنے روز مرہ پیش آنے والے مسائل کو شریعت کےمطابق حل کر سکے۔اس کے لئے ہمیں کم از کم صباحی وشبینہ مکاتب کے قیام کی فکر کرنا چاہئے تاکہ نسل نو دین کی بنیادی اور ضروری معلومات سے آگاہ کیا جاسکے۔

مولانا نے جمعیۃعلماء کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جمعیۃعلماء ہند اپنی بے مثال خدمات کے ایک صدی سے زیادہ عرصہ پوراکرنے کے بعد آج بھی ماضی کی تابناک اورروشن یادوں کے ساتھ مستقبل کی طرف ایمانداری اورعزم وحوصلہ کے ساتھ رواں دواں ہے۔ اکابر جمعیۃعلماء ہندکے نزدیک انسانی خدمت اور ملک و ملت کی فلاح وبہود ہمیشہ سے سرفہرست رہی ہے، آزادی وطن میں اس کا قائدانہ و تاریخی کرداررہا ہے جو اہل علم کے نزدیک تاریخی طورپر مسلم ہے ۔

مولانا نے یہ بھی فرمایا کہ ملک میں کسی بھی ناگہانی قدرتی آفت آن پڑی ہویا ملک کے موجودہ منظرنامہ میں لوگوں کو ڈھارس دیناہو، خدمت انسانی ، راحت رسانی اوردیگر قانونی امداد کے لئے صف اول میں جماعت کے افراد نظرآئیںگے اورآپ جماعت کے لوگوں کووسائل بھر متاثرین کی بلاتفریق مذہب وملت مددکرنے میں مصروف عمل پائیںگے ۔

مولانا نے حاضرین مجلس سے جمعیۃعلماء کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور اس کے جماعتی نظام کو مضبوط کرنےکی اپیل کی ،اس پروگرام کا سارا نظم عبد الرشید زری والا نے کیا ۔

اس موقع پرحافظ محمد عارف انصاری (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع تھانے)حاجی محمد صغیر خان (امبر ناتھ) مولانا محمد ادریس (کلیان)مولانا ثناء اللہ (بدلا پور) مولانا اسجد اللہ (بدلا پور )غلام مصطفیٰ شیخ (وانگنی)، احمد شیخ(وانگنی) ،یاسر نیر بھائی (گور ےگائوں )یونس پتر کار(وانگنی)،اشفاق بھائی (وانگنی) کے علاوہ قرب و جوار کے لوگ موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button