ایجوکیشن

پرنسپل ڈان ہائی اسکول کا جذبہ ایمانی، 40 یتیم بچوں کی مفت تعلیم کا اعلان

حیدرآباد 11 جولائی (پریس نوٹ) کسی بھی قوم کے یتیم و یسیر اور بے سہارا بچوں کی نگہداشت ‘ تعلیم و تربیت پوری قوم اور سماج کی اجتماعی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ اسی نظریے کے پیش نظر شہر کے ایک مشہور تعلیمی ادارہ ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ حیدرآباد نے اعتبار چوک یاقوت پورہ میں واقع یتیم خانہ ’’اپنا سہارا‘‘ کے تمام بچوں کی باقاعدہ تعلیم کی ذمہ داری اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈان ہائی اسکول میں ان بچوں کے داخلے کے موقع پر اسکول کے احاطہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر ویمنس جیل چنچلگوڑہ کی سپرنٹنڈنٹ بشیرہ بیگم نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ محترمہ بشیرہ بیگم نے ڈان ہائی اسکول اور اپنا سہارا کی اس پہل کی ستائش کی ۔ انہوں نے سماج میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے ایسی مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور اس عظیم کاز میں اپنی جانب سے مدد کی پیشکش کی ۔ ممتاز ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس نے ڈان ہائی اسکول کی اس کاوش پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی جانب سے ان بچوں کو مفت یونیفارم فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے ڈان اور اپنا سہارا کی اس مساعی کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے ڈان ایجوکیشنل سوسائٹی کے صدرنشین جناب فضل الرحمن خرم صاحب کو مبارکباد دی۔ ڈاکٹر غلام عباس نے اسکولوں میں اردو تعلیم کی ضرورت پر زور دیا ۔ اپنا سہارا کے منتظم شیخ حیدر نے ڈان ہائی اسکول کے انتظامیہ بالخصوص جناب فضل الرحمن خرم صاحب سے اظہار تشکرکیا۔ انہوں نے اس موقع پر 1999ء میں یتیم خانہ اپنا سہارا قائم کرنے کے بعد سے آج تک کے اپنے تجربات بیان کئے۔ تقریب میں موجود ایک صاحب ثروت محترمہ نے اپنا سہارا اعتبار چوک یاقوت پورہ اور ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ کے درمیان بچوں کے روزانہ ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ۔کیر اسکول کرما گوڑہ کے وحید صاحب نے بھی اس کاز میں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر ڈان ہائی اسکول میں زیرتعلیم طالبات نے اپنا سہارا کے یتیم و یسیر بچوں کا اسکول میں استقبال کیا۔ اسکولی طالبات نے سائنس فیکلٹی کے رکن IITnڈاکٹر سوشانت کی نگرانی میں حیرت انگیز سائنسی تجربات پیش کئے جس سے اپنا سہارا کے بچے اور دیگر شرکائے تقریب کافی محظوظ ہوئے ۔ ڈان ہائی اسکول اور اپنا سہارا کے اساتذہ و ارکان عملہ و دیگر افراد اس موقع پر موجود تھے ۔ جناب فضل الرحمن خرم نے شرکا کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فی الحال اپنا سہارا کے تقریباً 50بچوں کو داخلہ دیا جارہا ہے اور مستقبل میں ایسے بچوں کی تعداد کی کوئی حد نہیں ہوگی ۔ محترمہ بشیرہ بیگم نے ڈان ہائی اسکول کی ماہانہ میگزین ڈی ایچ ایس ٹائمس کی رسم اجراء انجام دی ۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button