ریاست آندھراپردیش میں اندون چند یوم دوبارہ زلزلے کے جھٹکے

چتور:آندھراپردیش کے ضلع چتور میں بعض مقامات پر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ضلع کے پوتلاپاڈومنڈل کے تُمباواری پلی اور دیگر دیہاتوں میں یہ جھٹکے محسوس کئے گئے۔ان جھٹکوں کے سبب خوفزدہ لوگ اپنے گھروں سے نکل گئے اور فون کے ذریعہ اپنے رشتہ داروں کی خیریت دریافت کرنے لگے۔مقامی افراد نے کہاکہ تُمباواری پلی کے قریب میں واقع آئرالا منڈل کے مُودی گوبلو علاقہ میں ایک ہفتہ کے دوران یہ جھٹکے محسوس کئے گئے۔مقامی افراد نے کہا کہ جھٹکوں کے ساتھ زمین سے خوفناک آوازیں بھی آنے لگیں۔اس بات کی اطلاع عہدیداروں کو دی گئی ہے جس کے بعد عہدیدار وہاں پہنچے جنہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا۔ان جھٹکوں میں کسی جانی یامالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔