پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ اُردو یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر مقرر

حیدرآباد، 13 ستمبر (پریس نوٹ) پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے 9 ستمبر 2021ءکو پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ کو یونیورسٹی کا پرو وائس چانسلر مقرر کیا ہے۔ پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج کے جاری کردہ اعلامیہ کے بموجب یونیورسٹی کی مجلس عاملہ کے 86 ویں اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ نے اسی دن اپنے عہدہ کا جائزہ لے لیا۔ وہ اُردو یونیورسٹی کے سینئر ترین پروفیسر اور پبلک ایڈمنسٹریشن کے استاد ہیں۔ انہیں درس و تدریس و تحقیق کا 39 سال کا تجربہ ہے۔ پروفیسر رحمت اللہ ڈین اسکول آف آرٹس اینڈ سوشیل سائنسس کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وہ 31 جولائی 2020 سے 28 جولائی 2021ءتک مانو کے وائس چانسلر انچارج رہے ہیں۔ انہوں نے مانو میں فروری 2013 سے جنوری 2015 تک کل وقتی رجسٹرار کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ پروفیسر رحمت اللہ نے یکم مارچ 2007 کو یونیورسٹی میں بطور پروفیسر ، شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا۔ انہیں جنوری 2019 میں سری کرشنا دیورایا یونیورسٹی (ایس کیو)، اننتا پور ، آندھرا پردیش کا وائس چانسلر بھی مقرر کیا گیا تھا۔
انہوں نے یونیورسٹی میں مختلف حیثیتوں میں نمایاں خدمات انجام دیں ہیں جن میں فینانس آفیسر انچارج، ڈین (سیٹیلائٹ کیمپس) ، صدر(شعبہ نظم و نسق عامہ و سیاسیات) قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ وہ یونیورسٹی کی مجلس عاملہ، مجلس تعلیمی ، فینانس کمیٹی ، اور دیگر اہم کمیٹیوں کے صدر و رکن بھی رہے ہیں۔