تلنگانہ

عیدگاہوں اور مساجد میں عیدالاضحی کی نماز کی اجازت: وزیر داخلہ تلنگانہ

حیدرآباد _ تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج اپنے دفتر واقع لکڑی کا پل میں ایک اعلی سطحی اجلاس طلب کیا جس میں پرنسپل سکریٹری روی گپتا، ڈی جی پی ڈاکٹر ایم مہیندر ریڈی ، محکمہ جیل کے ڈائریکٹر جنرل راجیو تریویدی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل راجیو رتن، پولیس کمشنران انجنی کمار ، مہیش ایم بھاگوت ، وی سی سجنار، محکمہ محابس کے ڈائریکٹر جنرل سنجے کمار جین ورنگل اور حیدرآباد کے پولیس انسپکٹر جنرل ناگی ریڈی اور اسٹیفن رویندر موجود تھے. وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ملک بھر کے مسلمانوں بالخصوص تلنگانہ کے تمام لوگوں کو عید الضحٰی کی پیشگی مبارک بادی پیش کی. انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے گذشتہ سال عیدین کی نمازوں کو عیدگاہ میں ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی. مگر اس سال حالات بہتر ہونے کی وجہ سے عیدالاضحیٰ کی نماز کی عام اجازت دی گئی ہے. وزیر موصوف نے کہا کہ عید کی نماز کے اہتمام کے دوران احتیاط برتیں. اور کووڈ قوانین کی پابندی کریں. کیونکہ کورونا وباء پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے. ان حالات میں کووڈ قوانین کی پابندی ضروری ہے. انہوں نے کہا کہ اس وباء کو روکنے کا اہم ذریعہ ویکسین، فیس ماسک، سماجی فاصلہ اور ہاتھوں کو سینی ٹائزر یا صابن سے بار بار دھونا ہے. وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست بھر کے تمام عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عید الضحٰی کے موقع پر سماجی فاصلہ قائم رکھیں، مصافحہ و معانقہ سے پرہیز کریں، فیس ماسک کو ہمیشہ استعمال کریں. محمد محمود علی نے عوام سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ کورونا کے خاتمہ کو اپنی ذمہ داری سمجھیں اور اس کو روکنے میں حکومت تلنگانہ کا ساتھ دیں. قبل ازیں انہوں نے ریاست کے لا اینڈ آرڈر پر جائزہ حاصل کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی قسم کی لاپرواہی نہ برتیں. وزیر موصوف نے اعلیٰ پولیس عہدیداروں سے کہا کہ ریاست بھر میں بونالو اور بقرعید کے موقع پر متعلقہ محکمہ جات کے تئیں کروری اقدامات کریں اور عوام کو سہولیات فراہم کریں. محمد محمود علی نے کہا کہ عیدالاضحٰی سے تین دن قبل قربانی کے جانوروں کی آمد و رفت کے لئے عوام کو سیکیورٹی فراہم کریں جس پر اعلیٰ پولیس عہدیداران نے اثبات میں جواب دیا. وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کے لیے ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے پرہیز کریں تاکہ دوسروں کو تنقید کا موقع نہ ملے. انہوں نے کہا کہ قربانی کے بعد صفائی پر خاص توجہ دیں اور اپنے پڑوسیوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچائیں. اپنی قربانی میں رشتہ داروں، پڑوسیوں، دوست و احباب اور غرباء کا خیال رکھیں. وزیر موصوف نے پولیس عہدیداران سے مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرنے کے بعد کہا کہ اس موقع سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے بے روزگاروں کو روزگاری فراہم کریں. آخر میں انہوں نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ عیدالاضحیٰ میں عوام کو زیادہ سے ریادہ سہولیات فراہم کریں.

 

متعلقہ خبریں

Back to top button