گینگسٹر نعیم کی زندگی پر فلم کی تیاری _ ” نعیم ڈائریز ” فلم 10 دسمبر کو ہوگی ریلیز

گینگسٹر نعیم کی زندگی پر فلم کی تیاری _ ” نعیم ڈائریز ” فلم 10 دسمبر کو ہوگی ریلیز

حیدرآباد_ 8 دسمبر ( اردو لیکس اسپیشل اسٹوری)تلنگانہ اور آندھراپردیش میں قتل اور لوٹ مار کے ذریعہ ایک دہے تک لوگوں بالخصوص بزنس مین طبقہ اور سیاسی قائدین میں دھشت مچانے والے گینگسٹر نعیم کی زندگی پر ایک تلگو فلم ” نعیم ڈائریز ” بن چکی ہے، یہ فلم جمعہ 10 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے، تلگو فلم کے مشہور ڈائریکٹر ڈی بالاجی نے نعیم ڈائریز فلم کی کہانی لکھی ہے اس فلم میں کنڑا فلموں کے نوجوان اداکار حسن المعروف واشیشٹا این سمھا کو ہیرو کے طور پر پیش کیا گیا ہے جبکہ یجنا شیٹی اور سمیکتا ھومد ہیروئین کا رول ادا کررہی ہیں

فلم کے ڈائریکٹر بالاجی نے بتایا کہ اس فلم میں انہوں نے نعیم کی مکمل زندگی کا احاطہ کرنے کی کوشش کی۔اس میں نعیم کی نکسلائیٹ تحریک سے وابستہ زندگی بھی شامل ہے اس کے بعد نعیم نے نکسلائیٹ تحریک سے علحیدہ ہوکر اپنی ایک الگ زندگی شروع کی جس میں قتل، اغوا  لوٹ مار، خواتین کے اغوا اور دیگر جرائم کی دنیا شامل ہے ڈائریکٹر بالاجی نے کہا کہ اس فلم کو ریلیز ہونے سے قبل ہی انھیں دھمکیاں مل رہی ہیں بعض نامعلوم افراد فلم کو ریلیز نہ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں

واضح رہے کہ محمد نعیم الدین عرف بھونگیر نعیم کو پولیس انکاونٹر میں مارا گیا تھا   تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے شادنگر ٹاون میں 8 اگست 2016  کی صبح پولیس کے ساتھ نعیم اور اس کے ساتھیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا تھا۔ پولیس ایک اطلاع پر شادنگر کے ملینیم ٹاون شپ پہونچی تھی جہاں پر گاڑی میں موجود نعیم اور اس کے ساتھیوں نے مبینہ طورپر پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی ۔ پولیس کی طرف سے کی گئی جوابی کاروائی میں نعیم اور اس کا ایک ساتھی ہلاک ہوگئے جبکہ اس کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

نعیم کے خلاف 700  سے زائد مجرمانہ مقدمات درج تھے 1993 میں سینئر آئی پی ایس عہدیدار کے ایل ویاس کے قتل میں ملوث تھا اور وہ بعد میں پولیس کے آگے خودسپرد بھی ہوگیا تھا