تلنگانہ

ڈان اسکول میں مفت کراٹے سمرکیمپ سے سیدہ فلک کا خطاب

حیدرآباد: قومی و بین الاقوامی کراٹے چمپئین سیدہ فلک نے کہا ہے کہ کراٹے اور سیلف ڈیفنس سیکھنے سے لڑکیوں کی خوداعتمادی میں بے پناہ اضافہ ہوتا ہے۔ وہ ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں مفت کراٹے سمرکیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس کیمپ کا اہتمام ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ اور سیدہ فلک کراٹے اکیڈیمی کے تعاون سے کیا گیا ہے۔

فلک نے کہا کہ ہر لڑکی کو حفاظت خوداختیاری کے بنیادی نکات اور تکنیک سے واقف ہونا چاہئے۔ موجودہ حالات میں خواتین اور لڑکیوں کو یہ فن سیکھنا ضروری ہے۔ یہ 20 روزہ کیمپ ہر روز صبح 9 بجے سے دن کے 11 بجے تک منعقد کیا جائے گا جس میں سیدہ فلک کراٹے اکیڈیمی کے انسٹرکٹرس اور خود سیدہ فلک کراٹے اور سیلف ڈیفنس کی تربیت دیں گی۔ یہ تربیت بالکل مفت ہوگی اور کسی بھی عمر کی خواتین و لڑکیاں اس کیمپ سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ طالبات کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سیدہ فلک نے کہا کہ اب ان کی توجہ برطانیہ میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمس پر ہے۔

مشہور ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس نے افتتاحی تقریب کی صدارت کی اور طالبات سے خواہش کی کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس کیمپ سے استفادہ کریں۔ صدرنشین ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس فضل الرحمن خرم نے بھی طالبات و سابق طالبات سے استفادہ کی خواہش کی اور کہا کہ ان کی سہولت کے لئے داخلہ میں مزید 3 کی توسیع کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button