جنرل نیوز

قومی اقلیتی کمیشن کی رکن سیدہ شہزادی کی نظام آباد آمد

ٹی آرایس ضلع حرکیاتی لیڈر سمیر احمد کی کلکٹریٹ پر ملاقات 15 نکاتی پروگرام نظام آباد ضلع باڈی کی تشکیل نو، پردھان منتری جن وکاس، ایم ایس ڈی پی اسکیم پر عمل آوری کیلئے نمائندگی

 

نظام آباد:25/ مئی (ای میل)سمیر احمد ٹی آرایس پارٹی ضلع حرکیاتی قائد نے آج سیدہ شہزادی قومی رکن اقلیتی کمیشن کی نظام آباد آمد کے موقع پر کلکٹریٹ پر ملاقات کرتے ہوئے مسلم اقلیتی طبقہ کے سلگتے ہوئے مسائل پر تحریری نمائندگی حوالے کی۔ مسٹر سمیر احمد نے قومی رکن اقلیتی کمیشن سیدہ شہزادی کو بتایا کہ ضلع نظام آباد میں 15 نکاتی پروگرام سرد مہری کا شکار ہوچکا ہے انہوں نے فی الفور 15 نکاتی پروگرام پر عمل آوری کیلئے ضلع کلکٹر کی زیر صدارت نئی باڈی تشکیل دینے اور حرکیاتی افراد کو 15 نکاتی باڈی میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں پردھان منتری جن وکاس پروگرام کے تحت نظام آباد ضلع اور آرمور حلقہ اسمبلی میں ملٹی سیکٹوریل ترقیاتی کام انجام دینے کے سلسلہ میں نمائندگی کی سمیر احمد نے بتایا کہ ایم ایس ڈی پی اسکیم کے تحت مسلم اقلیتی طبقہ کیلئے تعلیمی و فنی تربیتی پروگرام انجام دینے کی اشد ضرورت ہے۔

ایم ایس ڈی پی اسکیم کے تحت اقلیتی علاقوں میں مدارس کا قیام، مدارس میں ترقیاتی کام کی انجام دہی اور کمیونٹی ہال کے تعمیری کام کی اشد ضرورت ہے۔ سمیر احمد نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی بودھن، نظام آباد اربن میں ایم ایس ڈی پی اسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے لیکن حلقہ اسمبلی آرمور جہاں پر 35 فیصد مسلم آبادی پائی جاتی ہے ایم ایس ڈی پی اسکیم کی عمل آوری ندارد ہوکر رہ گئی ہے۔ سمیر احمد نے قومی رکن اقلیتی کمیشن سیدہ شہزادی کو حوالے کردہ نمائندگی میں بتایا کہ حلقہ اسمبلی آرمور میں اقلیتی اقامتی اسکول کیلئے 5 ایکر اراضی کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے۔ ایم ایس ڈی پی اسکیم کے ذریعہ فنڈ کی منظوری اور تعمیراتی کام کی انجام دہی کو یقینی بنایا جائے۔

قومی رکن اقلیتی کمیشن سید ہ شہزادی نے ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی کو ہدایت جاری کی کہ حلقہ اسمبلی آرمور میں ایم ایس ڈی پی، پردھان منتری اسکیمات کے تحت مسلم اقلیتی طبقہ کیلئے فلاحی کام انجام دئیے جائیں انہوں نے ضلع کلکٹر کو یہ بھی ہدایت جاری کی کہ 15 نکاتی پروگرام کیلئے نئی کمیٹی تشکیل دی جائے اس موقع پر سمیر احمد کے ہمراہ نوڈا ڈائریکٹر اختر خان موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button