جرائم و حادثات

بنگلہ دیش سے اسمگل کردہ 24.4 کلو گرام سونا ضبط

نئی دہلی _ 13 فروری ( پی آئی بی ) بیورو آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ‘آپریشن ایسٹرن گیٹ وے’ کے نام سے ایک کارروائی شروع کی جس کا مقصد ایک ٹھوس میعاد کے اندر اسمگلنگ کے طریقہ کار کا پردہ فاش کرنے کے لیے انٹیلی جنس کو تیار کرنا شامل تھا۔ بنگلہ دیش، تریپورہ، آسام اور مغربی بنگال میں مقیم ایک سنڈیکیٹ ریاست تریپورہ میں ہند-بنگلہ دیش سرحد کے ذریعے بنگلہ دیش سے ہندوستان کو بھاری مقدار میں سونا اسمگل کر رہا تھا۔

 

اس کارروائی میں ڈی آر آئی کی مختلف ٹیموں کو حکمت عملی کے ساتھ مغربی بنگال، آسام اور تریپورہ کی ریاستوں بشمول ہند-بنگلہ دیش سرحد پر مختلف مقامات پر متعین کیا گیا تھا تاکہ اسمگلنگ سنڈیکیٹ کے ذریعے استعمال کیے جانے والے طریقہ کار کا پتہ چلایا جا سکے۔

 

انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سنڈیکیٹ کے 8 لوگوں کی نشاندہی کی گئی اور تین مقامات پر بیک وقت اور اچھی طرح سے مربوط کارروائی کر کے تمام 8 افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔

 

سلی گوڑی میں ٹیم نے چار لوگوں کو مغربی بنگال کے دال کھولا ریلوے اسٹیشن پر اس وقت گرفتار کیا جب وہ آسام کے بدر پور جنکشن سے سیالدہ جانے والی ٹرین میں سفر کر رہے تھے۔ ان کے قبضے سے 10.66 کروڑ روپے کی مالیت کی سونے کی 90 پٹیاں برآمد کی گئیں جن کا مجموعی وزن 18.66 کلو گرام تھا۔ ان پٹیوں کو خاص طور پر تیار کردہ کمر پر پہنے جانے والے بیلٹ میں چھپایا گیا تھا ان میں سے ہر ایک یہ بیلٹ پہنے ہوئے تھا

اس کے ساتھ ہی اگرتلہ میں ٹیم نے ایک شخص کو گرفتار کیا جو اگرتلہ کے قریب ہند-بنگلہ دیش سرحد کے قریب فور وہیلر چلا رہا تھا۔ اس کے پاس سے 1.30 کروڑ روپے کی مالیت کی 2.25 کلوگرام وزنی سونے کی دو سلاخیں ملیں۔ یہ سلاخیں ڈرائیور کے سامنے والے دروازے کے نیچے بنائے گئے ایک خاص جگہ پر خفیہ طور سے چھپائی گئی تھیں۔

 

آسام کے کریم گنج میں ڈی آر آئی کی ایک اور ٹیم نے تین لوگوں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ اگرتلہ سے سیالدہ جانے والی ٹرین میں سفر کر رہے تھے۔ ان کے قبضے سے 2.03 کروڑ روپے کی مالیت کی 3.50 کلو گرام سونے کی آٹھ سلاخیں ضبط کی گئیں۔

 

مذکورہ کارروائی میں مجموعی طور پر 14 کروڑ روپے کی مالیت کا 24.4 کلو گرام اسمگل شدہ سونا ضبط کیا گیا۔ آٹھوں پکڑے جانے والوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ رواں مالی سال میں ڈی آر آئی کے ذریعہ کل ہند پیمانے پر 1,000 کلو گرام سے زیادہ سونے کی ضبطی عمل میں آئی ہے

متعلقہ خبریں

Back to top button