انٹر نیشنل

مجوزہ الیکشن ملک کے دستور، جمہوریت اور سیکولر شناخت کو برقرار رکھنے کا آخری موقع۔ ابو عاصم آعظمی

ریاض ۔ کے این واصف

سن 2024 کے پارلیمانی انتخابات دستور، جمہوری نظام اور سیکولر شناخت کو برقرار رکھنے کا آخری موقع ہے۔ اس الیکشن میں فسطائی طاقتوں کو شکست نہ دی گئی تو نہ ملک کا دستور باقی رہے گا نہ جمہوری نظام۔ یہ بات مہاراشٹرا کے رکن اسمبلی ابو عاصم آعظمی نے کہی۔ وہ پوروآنچل ویلفیر اسوسی ایشن، ریاض کی جانب سے اہتمام کردہ انٹر آکٹیو سشن سے مخاطب تھے۔ سماج وادی پارٹی، مہاراشٹرا یونٹ کے صدر و سابق رکن پارلیمنٹ ابو عاصم ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔

 

ابوعاصم آعظمی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں ووٹ ڈالنے والوں میں سب سے کم فیصد مسلمانوں کا ہوتاہے۔ انھوں نے ملک کے مسلمانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر 2024 کے عام انتخاب میں ہم نے اپنا یہ بے اعتنائی کا رویہ تبدیل نہیں کیا تو ہندوستان میں مسلمانوں کی شناخت مٹ جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ مسلم ووٹ متحد ہوکر ہی اپنی طاقت منوا سکتاہے۔ آعظمی نے کہا کہ ملک کے مذہبی قائدین متحد ہوں اور مسلمانوں کو دانشمندی سے ووٹ کے استعمال کرنے مین رہنمائی کریں۔

 

ابو عاصم نے ایک سوال کے جواب مین کہا کہ “اب کی بار 400 پار” کا نعرہ دینے والی بی جے پی اگر اتنی پر اعتماد ہے تو بیلٹ پیپر کے ذریعہ الیکشن کے مطالبہ کو تسلیم کرے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے اور ترقی یافتہ ممالک نے EVM مشین کے ذریعہ الیکشن کے طریقہ کو مسترد کردیا گیا ہے۔ انھون نے کہا کہ ملک مین EVM کی مخالفت NGOs کی جانب سے ہورہی ہے۔جبکہ یہ مطالبہ شدت کے ساتھ اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے ہونا چاہئیے تھا۔ ابو عاصم نے کہا کہ ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین خوف کے زیر اثر اپنی پارٹی چھوڑکر بی جے پی مین شامل ہورہے ہین۔ لالچ، ذاتی مفاد اور وقتی فائدے کی بنیاد پر دل بدل کا یہ عمل مستقبل مین ملک کو شدید نقصان پہنچائے گا۔

 

اس سشن کا آغاز نوعمر قاری انیس بیگ کی قراءت کلام پاک سے ہوا۔ کوآڈینیٹر پوروآنچل ویلفیر اسوسی ایشن و ناظم محفل انعام اللہ آعظمی فلاحی نے سشن کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ابو عاصم آعظمی ایک مقبول، زمین سے جڑے عوامی قائد ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ یہاں جب بھی آتے ہیں سماجی تنظیمیں ان کا خیر مقدم کرتی ہیں۔ اسوسی ایشن کے صدر عبدالاحد صدیقی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ محفل مین ریاض کی سماجی تنظیموں کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

انعام اللہ آعظمی کی قیام گاہ پر منعقد اس محفل کا اختتام اسوسی ایشن کے سکریٹری اطہر کے ہدیہ تشکر پر ہوا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button