انٹر نیشنل

ماسکو ایئرپورٹ پر دل دہلا دینے والا واقعہ: بیلاروسی شخص نے 18 ماہ کے ایرانی شیر خوار کو زمین پر پٹخ دیا، بچہ کوما میں چلا گیا

روس کے ماسکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں بیلاروس سے تعلق رکھنے والا ایک شخص نے 18 ماہ کے ایرانی بچے کو اچانک پکڑ کر زمین پر پٹخ دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گیا اور ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی۔

 

رپورٹس کے مطابق، بچہ سر کے بل فرش پر گرا، جس کی وجہ سے اس کے سر کی ہڈی میں گہری چوٹیں اور ریڑھ کی ہڈی میں بھی سنگین زخم آئے۔ بچہ اس وقت کوما میں ہے اور زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔

 

یہ بچہ اور اس کی حاملہ ماں اسرائیل سے جاری جنگ کے باعث ایران سے روس آئے تھے۔ واقعے کے وقت بچہ اپنی ماں کے قریب نہیں تھا، کیونکہ ماں طیارے سے اترنے کے بعد اس کا پرام (پش چیئر) لینے گئی تھی۔

 

ویڈیو میں صاف دکھائی دیتا ہے کہ 31 سالہ ولادیمیر وِٹکوف (Vladimir Vitkov) نامی شخص، جو بیلاروس کا باشندہ ہے، چپکے سے بچے کے قریب آتا ہے اور بغیر کسی اشتعال یا وجہ کے اسے اچانک اٹھا کر زور سے زمین پر دے مارتا ہے۔

 

روسی پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کے جسم میں بھنگ (cannabis) اور دیگر منشیات کے آثار پائے گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کا ماننا ہے کہ نشہ کی حالت اس پرتشدد حرکت کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے، تاہم حملے کا کوئی واضح مقصد یا ذاتی دشمنی سامنے نہیں آئی۔

 

بعض میڈیا رپورٹس بالخصوص ایران کی میڈیا نے اس شخص کو یہودی قرار دیا ۔ تاہم پولیس نے اب تک حملہ آور کے مذہب یا نظریاتی وابستگی (یہودی یا صیہونی) کے بارے میں کوئی تصدیق یا بیان جاری نہیں کیا۔

 

یہ واقعہ نہ صرف روس بلکہ عالمی سطح پر عوام کو جھنجھوڑ دینے والا ہے، اور بچے کی حالت پر دلی ہمدردی اور انصاف کی پرزور اپیل کی جا رہی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button