تلنگانہ میں ڈرگس اور گانجہ کو روکنے پولیس کی ایگل ٹیم تشکیل دینے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلان

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ چاکلیٹ اور آئس کریم جیسے اشیاء میں گانجا اور دیگر نشہ آور مادے ملا کر فروخت کرنا انتہائی تشویشناک بات ہے۔ ایسے افراد کے بارے میں عوام فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ اگر تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاء پائی جاتی ہیں تو اس کی مکمل ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ کی ہوگی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست میں منشیات کی روک تھام کے لیے خصوصی ‘ایگل’ ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے، جو گانجا کی کاشت، سربراہی اور فروخت پر کڑی نظر رکھے گی۔
حیدرآباد کے مادھا پور میں شلپاکلا ویدیکا میں منعقدہ یومِ انسدادِ منشیات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ چاہے فلمی اداکار رام چرن ہوں یا وجے دیورکونڈا، وہ کتنا ہی مصروف کیوں نہ ہوں، نوجوانوں تک صحیح پیغام پہنچانے کے لیے اس مہم میں شامل ہونا قابلِ ستائش ہے۔ ہماری ریاست کو ملک کے لیے ایک مثال بنانا چاہیے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ "میں نے چیف منسٹر کا حلف لیتے ہی واضح طور پر کہا تھا کہ جو بھی گانجا یا ڈرگس کی طرف دیکھے گا، ہم اس کی کمر توڑ دیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد اور تحریکوں کی سرزمین ہے، اگر یہی سرزمین منشیات کے لیے بدنام ہو جائے تو یہ ہمارے لیے شرم کی بات ہے۔
اسکولوں سے لے کر یونیورسٹیوں تک، طلبہ منشیات کے زیر اثر آ رہے ہیں، جو ایک خطرناک رجحان ہے۔ نوجوان گانجا اور ڈرگس کے غلام بن جائیں تو ملک کے وجود کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔