کیمیکل فیکٹری دھماکہ میں مرنے والوں کی تعداد 37 ہوگئی – 27 افرادلاپتہ

سنگاریڈی ضلع کے پاشمائیلارم صنعتی علاقے میں پیش آئے خوفناک حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 37 ہو گئی ہے۔مزید 35 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 11 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اب تک 27 افراد لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔سنگاریڈی کے ضلع کلکٹر نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
کئی افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کو شبہ ہے کہ مزید افراد ملبے اور عمارت کے نیچے پھنسے ہو سکتے ہیں۔ نکالے گئے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔ ۔
حادثے کے وقت فیکٹری میں 108 مزدور موجود تھے۔ زخمیوں میں 11 افراد کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پیر کے دن پاشمائیلارم صنعتی علاقے میں ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ یہ دھماکہ سِگاچی کیمیکل فیکٹری میں ریئکٹر پھٹنے کی وجہ سے ہوا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے میں کئی مزدور جھلس گئے دھماکہ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مزدور دور تک اچھل کر جا گرے۔