کیمیکل فیکٹری میں مرنے والوں کے ہر ایک خاندان کو ایک کروڑ روپے معاوضہ دلوانے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلان

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ سنگاریڈی ضلع کے پاشامائلارم میں پیش آئے کیمکل فیکٹری حادثہ میں مرنے والوں کے ورثا کوایک کروڑ روپے معاوضہ دیاجائے گا، معاوضہ کی رقم فیکٹری کے انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے دینے کی ہدایت دی گئی ہے
انہوں نے بتایا کہ اب تک اس حادثہ میں 36 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔چیف منسٹر نے یہ بھی اعلان کیا کہ حادثہ میں شدید زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے اور معمولی طور پر زخمی ہونے والوں کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا
۔ریونت ریڈی نے پٹن چیرو کے ہاسپٹل میں شریک زخمیوں سے ملاقات کرکے ان کی عیادت کی اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کی۔
انہوں نے بتایا کہ سگاچی انڈسٹریز میں پیش آئے اس افسوسناک حادثہ کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے کے لیے محکمہ صمعتوں کے عہدیداروں کے ساتھ مل کر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو مکمل رپورٹ تیار کرے گی۔
ریونت ریڈی نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ پیش آئے 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی فیکٹری انتظامیہ کا کوئی فرد جائے حادثہ پر نہ آنا قابلِ مذمت ہے
۔انہوں نے انڈسٹری کے نمائندوں سے انشورنس، اسپتال میں فراہم کی جا رہی طبی خدمات پر بھی سوالات کیے اور ساتھ ہی فیکٹری، بوائلر سیفٹی حکام سے حادثے کے اسباب کے بارے میں وضاحت طلب کی۔