حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش، بجلی گرنے کا واقعہ ؛ درخت کار پر گر پڑا– سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک جام، عوام پریشان

حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش، آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ – سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک جام، عوام پریشان
حیدرآباد: شہر میں پیر کی دوپہر اچانک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے شہریوں کو حیران و پریشان کر دیا۔ گچی باولی کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے باعث مقامی لوگ خوفزدہ ہو کر ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔ واقعہ کے وقت سڑک پر کافی بھیڑ تھی لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
بارش کے دوران پنجہ گٹہ علاقے میں ایک درخت تیز ہوا کے باعث اکھڑ کر ایک کار پر گر گیا، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔ حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا، لیکن مقامی لوگوں میں خوف و ہراس کی کیفیت دیکھی گئی۔
بارش کے وقت اسکولوں اور دفاتر کے چھوٹنے کا وقت تھا، جس کے باعث ٹریفک کی صورتحال مزید بگڑ گئی۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیاں رینگنے لگیں اور اہم شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔ کئی علاقوں میں گھنٹوں تک ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
بلدیاتی عملہ اور ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ موسمیات کے محکمہ نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔